• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کورونا سے صحتیاب ہوگئے

شائع June 2, 2021
شفقت محمود نے کہا کہ معمولی علامات اور جلد صحتیابی بلاشبہ ویکسی نیشن کے باعث ممکن ہوئی ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز
شفقت محمود نے کہا کہ معمولی علامات اور جلد صحتیابی بلاشبہ ویکسی نیشن کے باعث ممکن ہوئی ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وفاقی وزیر تعلیم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شفقت محمود کورونا وائرس سے شفایاب ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں شفقت محمود نے کہا کہ 'اللہ کے کرم سے میں مکمل صحتیاب ہوگیا ہوں اور میرے دو حالیہ کورونا ٹیسٹ منفی آگئے ہیں جس کے بعد آج سے کام پر واپس جارہا ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'معمولی علامات اور جلد صحتیابی بلاشبہ ویکسی نیشن کے باعث ممکن ہوئی ہے، یہ واضح ہے کہ ویکسینز کام کر رہی ہیں اور خطرناک بیماری کے خلاف بہترین دفاع ہے'۔

واضح رہے کہ شفقت محمود 25 مئی کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ٹوئٹر پر ان کا کہنا تھا کہ 'میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، میں معمولی علامات کے ساتھ بہتر محسوس کر رہا ہوں، انشا اللہ جلد صحتیاب ہوجاؤں گا'۔

یاد رہے کہ وائرس کی تشخیص سے ایک روز قبل شفقت محمود نے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی کے 29ویں اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں رواں سال 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد جبکہ گرمیوں کی چھٹیاں محدود تعداد میں دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی تھی۔

مارچ میں وفاقی وزیر نے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے اسلام آباد کے پولی کلینک میں کورونا ویکسین لگوالی ہے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سمیت متعدد وفاقی وزرا اور سیاست دان کورونا سے متاثر ہونے کے بعد مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024