لاہور: خاتون اول نے صوفی ازم، سائنس وٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کردیا
وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ، خاتون اول بشریٰ عمران نے صوفی ازم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے لاہور میں شیخ ابو الحسن شازلی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کردیا۔
پہلے مرحلے میں لاہور میں ایک ریسرچ سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں اسلام، صوفی ازم، مذہبی افکار، رواداری، سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ جدید علوم پر تحقیق کی جائیں گی۔
یہ تحقیقی مرکز غریب اور مستحق طلبہ، بے سہارا اور تعلیم دوست لوگوں کے لیے دستیاب ہوگا۔
مزید پڑھیں: خاتون اول بشریٰ بی بی سماجی کاموں میں متحرک ہوگئیں
ریسرچ سینٹر کو دارلامان، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، صوبے بھر کی جیلوں بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کی بحالی کے مراکز، اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز کے علاوہ سرکاری اور نجی مذہبی تعلیمی اداروں سے منسلک کیا جائے گا۔
اس تحقیقی مرکز کو جے ایس ٹی او آر سمیت دنیا کے معروف جدید تحقیقی مراکز اور نامور تعلیمی اداروں جیسا کہ آکسفورڈ، کیمبرج اور ہاورڈ کی ای لائبریریوں سے بھی منسلک کیا جائے گا۔
صوبے کے عوام کو ریموٹ رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ گھر بیٹھ کر اس تحقیقی مرکز سے استفادہ حاصل کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون اول بشریٰ بی بی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق
مقامی اور غیر ملکی یونیورسٹیز میں طلبہ کو داخلہ اور وظائف کے حصول کی معلومات فراہم کرنے کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ریسرچ سینٹر میں ایک آن لائن گائیڈنس سینٹر پورٹل بھی قائم کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے پہلے مرحلے میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، جامعہ نعیمیہ، اوقاف ریسرچ سینٹر سے جدید تحقیقاتی کاموں سے منسلک ہونے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جارہے ہیں۔
دریں اثنا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) میں بھی شیخ ابوالحسن شازلی سینٹر قائم کیا جائے گا۔
یہ خبر 30 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی