سال میں پہلی مرتبہ سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر
سعودی عرب کی فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق آج (27 مئی) بروز جمعرات کو سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر نظر آیا جسے دیکھ کر دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد قبلے کی درست سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔
العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق سورج رواں سال میں پہلی مرتبہ خانہ کعبہ کے اوپر آیا ہے۔
فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق سورج 27 مئی کو سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے اوپر آیا۔
مزید پڑھیں: سال میں پانچویں مرتبہ چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر
رپورٹ کے مطابق فلکیاتی انجمن کے سربراہ ڈاکٹر ماجد ابو زہرہ نے کہا کہ خانہ کعبہ کے اوپر سورج نظر آنے کا واقعہ اس لیے پیش آتا ہے کیونکہ خانہ کعبہ خط استوا اور مدار السرطان کے درمیان واقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ گردش کے دوران مئی کے مہینے میں سورج خط استوا سے مدار السرطان کی طرف منتقل ہوتا ہے اور گردش کرتے ہوئے سورج خانہ کعبہ کے اوپر آ جاتا ہے۔
ماجد ابو زہرہ نے بتایا کہ سورج جس وقت خانہ کعبہ کے اوپر نظر آتا ہے اس وقت وہ انتہائی بلندی پر تقریباً 90 ڈگری پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے کہ جس وقت خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سال میں چوتھی مرتبہ چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر
فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ نے کہا کہ سورج خانہ کعبہ کے اوپر آنے کے دوران عرب ممالک قطب شمالی کے پڑوسی علاقوں افریقہ، یورپ، چین، روس اور مشرقی ایشیا کے لوگ قبلے کی سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔
ابو زہرہ نے مزید بتایا کہ قدیم زمانے کے لوگ اسی طریقے سے قبلے کے رخ کا تعین کیا کرتے تھے اور نتیجے کے اعتبار سے یہ طریقہ کار جدید ترین ٹیکنالوجی سے کسی درجے کم نہیں۔
خیال رہے کہ سال 2020 میں 5 مرتبہ چاند، خانہ کعبہ کے اوپر آیا تھا، اس سے قبل خانہ کعبہ کے عین اوپر چاند دکھائی دینے کا منظر 2018 میں بھی دیکھا گیا تھا اور اسی سال 12 رمضان کو سورج بھی کعبہ شریف کے اوپر دکھائی دیا تھا۔