عوامی خدمات کے اعتراف میں ارمینا خان کے لیے برطانوی ایوارڈ
برطانوی نژاد پاکستانی اداکارہ ارمینا خان اور ان کے شوہر کی جانب سے عوامی خدمات کیے جانے پر انہیں برطانیہ کی مقامی حکومت نے ایوارڈ سے نواز دیا۔
ارمینا خان کی پیدائش اور پرورش برطانیہ میں ہی ہوئی اور انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کام سے قبل برطانیہ میں ہی کام کیا تھا۔
ارمینا خان اپنی زندگی کا زیادہ وقت برطانیہ میں ہی گزارتی ہیں، تاہم شوبز منصوبوں کے سلسلے میں وہ پاکستان بھی آتی رہتی ہیں۔
برطانیہ میں رہائش کی وجہ سے وہ وہاں سماجی مسائل سمیت ہر طرح کی عوامی خدمات کے لیے متحرک دکھائی دیتی ہیں، وہ جہاں سوشل میڈیا پر برطانیہ کے اندرونی سماجی مسائل پر بات کرتی رہتی ہیں، وہیں وہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسائل کو بھی اپنا موضوع بناتی ہیں۔
برطانیہ میں عوامی خدمات اور لوگوں میں شعور بیدا کرنے کے عوض ہی انہیں اور ان کے شوہر فیصل خان کو برطانوی ریاست انگلیڈ کی کاؤنٹی لنکاشائر کے ٹاؤن برنلے کے میئر نے ایوارڈ سے نوازا۔
ارمینا خان نے برنلے ٹاؤن کے پاکستانی نژاد میئر اور ہاؤس آف لارڈز کے رکن واجد خان اور ان کی اہلیہ انعم خان سے ملاقات سمیت ان کی جانب سے ایوارڈ وصولی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ انہیں ان کی عوامی خدمات کے عوض ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ارمینا خان نے 21 مئی کو برنلے کے میئر اور ان کی اہلیہ سے شوہر کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور بعد ازاں انہوں نے دوسری پوسٹ میں خود کو ایوارڈ دیے جانے کی تصویر بھی شیئر کی۔
عوامی خدمات کے اعتراف پر ایوارڈ دیے جانے پر ارمینا خان نے برنلے کے میئر کا شکریہ ادا کیا جب کہ متعدد شوبز شخصیات نے اداکارہ کو مبارک باد بھی پیش کی۔
میئر نے ارمینا خان کے شوہر فیصل خان کو بھی ایوارڈ سے نوازا اور انہوں نے بھی ایوارڈ وصولی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی نژاد میئر کی تعریف کی اور ساتھ ہی برنلے اور لنکا شائر کاؤنٹی کے افرد سے گزارش کی کہ وہ میئر کا ساتھ دیں۔
تبصرے (1) بند ہیں