• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فلسطین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بھیجیں گے، فواد چوہدری

شائع May 18, 2021
فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دی—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دی—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فلسطین کی طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امداد بھیجے گا۔

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان وہ پہلا اسلامی ملک تھا جس نے فلسطین کے مسئلے پر سخت اور واضح مؤقف اپنایا اور آج بھی اس پر قائم ہے، عمران خان فلسطین کے حوالے سے قائد اعظم کی پالیسی کے امین ہیں۔

مزید پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی حملے: وزیر خارجہ صورتحال پر دنیا کی توجہ مبذول کرانے ترکی پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نمائندوں اور ترک صدر طیب اردوان نے بھی فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فلسطین کو نہ صرف کووڈ کے لیے امداد بھیجیں گے بلکہ اس کے علاوہ جو حالیہ طبی ایمرجنسی کی صورت حال ہے اس پر ہم فلسطین کو امداد بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انقرہ میں پاکستان، ترکی، فلسطین اور سوڈان کے وزیر خارجہ موجود ہیں اور انڈونیشیا کے وزیرخارجہ پہنچ رہے ہیں اور 5 ملکوں کے وزرائے خارجہ اکٹھے نیویارک جائیں گے۔

'رنگ روڈ اسکینڈل میں وزیر یا مشیر ملوث نہیں'

رنگ روڈ اسکینڈل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے حوالے سے اخبارات میں بھی رپورٹس آئی ہیں اور حکومت پنجاب کی جانب سے جو رپورٹ دی گئی تھیں، اس سے کابینہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہی حکومت ہے اور وزیراعظم عمران خان کی جرات ہے کہ وہ ہمارے ایسے معاملات پر بھی دلیرانہ اقدامات کرتے ہیں جو عمومی حکومتیں ہوتیں تو نہ کرتیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی یا مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو میڈیا کے چیخ چیخ کر گلے بیٹھ جاتے لیکن سوال پیدا نہیں ہوتا کہ کوئی تحقیقات ہوتیں اور کسی کے خلاف کوئی ایکشن ہوتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حکومت میں کسی اسکینڈل کی بات آتی ہے تو بڑے اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہوتی ہیں اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا نکتہ نظر ہے کہ لوگ چاہے جتنے طاقت ور ہوں انہیں قانون کے سامنے آنا ہے اور قانون کے برابر آنا ہے اور اس پر جس طرح وزیراعظم نے عمل درآمد کیا ہے اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

رنگ روڈ منصوبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بڑا اچھا ہے کہ راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک شہر کے اندر نہ آئے، 2017 میں یہ منصوبہ بنا، جنوری 2018 میں ابتدائی الائنمنٹ کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکینڈل اس وقت شروع ہوا جب اس منصوبے پر کام کرنے والے ایک انجینئر نے وزیراعظم کو لکھا کہ اس منصوبے کی الائنمنٹ کو تبدیل کردیا گیا ہے اور خصوصاً سنگجانی کے پوائنٹ پر تنگ کردیا گیا ہے اور اس سے حادثے بڑھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شکایت پر وزیراعظم نے پوچھا تو کہا گیا کہ کوئی الائمنٹ تبدیل نہیں کی گئی، وزیراعظم نے ایک آزادانہ تحقیقات کا فیصلہ کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فیکٹ شیٹ میں آیا کہ نہ صرف الائمنٹ تبدیل کی گئی بلکہ 29 کلومیٹر اٹک کی طرف بڑھا دیا گیا ہے اور اس کا مقصد تھا کہ ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو اس میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسکینڈل کے نتیجے میں اربوں روپے کھانے سے بچالے گئے اور یہ اسکینڈل بھی یہی ہے کہ اربوں روپے کو کھانے سے پہلے ہی بچالیا گیا کیونکہ اس کو اٹک رنگ روڈ بنایا گیا اور 23 ارب روپے کی نئی زمین شامل کی جانی تھی اور اٹک کی زمین شام کی جانی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس رپورٹ میں غلام سرور خان اور زلفی بخاری کا نام نہیں ہے لیکن سوشل میڈیا کے اوپر وزرا کے نام لیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری سمندر پار پاکستانی ہیں اور ان کی ننھیال توقیر شاہ صاحب کی زمین اس سے فائدہ اٹھاتی ہے لیکن زلفی بخاری کا تعلق نہیں ہے کیونکہ توقیر شاہ سے اس طرح کا کوئی رابطہ نہیں ہے کہ ان کو کوئی فائدہ پہنچا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود زلفی بخاری نے استعفیٰ دیا کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں مجھے وہاں رہنا مناسب نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غلام سرور خان کہتے ہیں اس پوری جگہ پر میری ایک انچ بھی زمین دکھادیں تو میں اس کا ذمہ دار ہوں، اس لیے ابھی تک کی تحقیقات واضح ہے کہ پیسے کھانے سے بچالیا گیا اور حکومت کے اربوں روپے بچا لیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں ہمارے کسی وزیر یا مشیر کا نام نہیں آتا، زلفی بخاری نے اخلاقی معیار پر استعفیٰ دیا اور وہ اس میں سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن اور دیگر ادارے اس کی مکمل تحقیقات کرنے جارہے ہیں اور اس کے مطابق معاملہ آگے بڑھے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024