• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس ملک میں مزید 135 زندگیاں نگل گیا

شائع May 18, 2021
پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 752مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 752مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا عروج اپریل میں دیکھا گیا جس کے بعد اب یومیہ کیسز اور فعال کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 566 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 135 افراد انتقال کر گئے۔

ملک میں 17 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کی تشخیص کے لیے 29 ہزار801 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 8.6 فیصد رہی اور فعال کیسز کم ہو کر 67 ہزار 665 رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 82 ہزار 928 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 19 ہزار 752 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 2 ہزار 989 افراد صحتیاب ہوئے یوں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 511 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

ملک میں 18 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

کورونا وبا کی تیسری لہر کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے پنجاب میں کیسز میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں کورونا کے مزید ایک ہزار 413 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 89 مریض انتقال کر گئے۔

پنجاب میں مجموعی طو پر کورونا وائرس سے 3 لاکھ 28 ہزار 775 افراد متاثر جبکہ 9 ہزار 500 انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں وبا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے719 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 23 مریض دم توڑ گئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار 913 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 824 تک جاپہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کو زیادہ متاثر کیا تھا اور یہاں گزشتہ روز کووڈ-19 کے مزید 186 کیسز اور 18 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اب تک خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 27 ہزار 224 افراد وبا سے متاثر جبکہ 3 ہزار 804 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے وسیع صوبے میں مزید 65 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد بلوچستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 931 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 267 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

کورونا کی تیسری لہر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 150 کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 79 ہزار 221 ہے جبکہ 731 افراد وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 28 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 3 مریض دم توڑ گئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مجموعی طور پر 18 ہزار 286 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 517 افراد کی موت کا سبب بھی بنا ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے سب سے کم گلگت بلتستان متاثر ہوا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 کیس سامنے آئے اور 30 اپریل کے بعد سے مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 428 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 107 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024