اسرائیل کے حق میں ٹوئٹ پر یہودی اداکارہ گال گدوت کو تنقید کا سامنا
اسرائیلی فورسز کی جانب سے گزشتہ ہفتے سے فلسطینیوں کے خلاف پٌرتشدد کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں 119 فلسطینی جاں بحق جبکہ 830 زخمی ہوئے ہیں۔
مختلف ممالک کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے جبکہ مقامی و غیر مقامی شوبز و معروف شخصیات نے بھی ان حملوں کی مذمت کی ہے۔
تاہم 'ونڈر وومن 1984' میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اسرائیلی نژاد امریکی یہودی اداکارہ گال گدوت نے اسرائیل کے حق میں ٹوئٹ کی ہے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
7 مئی سے جاری حالات کے تناظر میں ٹوئٹ کرتے ہوئے گال گدوت نے لکھا کہ 'میرا دل رو رہا ہے، میرا ملک حالتِ جنگ میں ہے، میں اپنے اہلخانہ، دوستوں کے لیے پریشان ہوں، میں اپنے لوگوں کے لیے پریشان ہوں'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ' برائی کا یہ سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے، اسرائیل کو بھی آزاد اور محفوظ قوم کی حیثیت سے جینے کا حق ہے'۔
گال گدوت نے لکھا کہ 'ہمارے پڑوسیوں کو بھی یہی حق ہے، میں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے لیے دعا گو ہوں'۔
ہولی وڈ اداکارہ نے لکھا کہ' میں اس ناقابل تصور دشمنی کے خاتمے کی دعا کرتی ہوں، میں دعا کرتی ہوں کہ ہمارے لیڈرز کو اس مسئلے کا حل مل جائے تاکہ ہم امن کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رہ سکیں، میں اچھے دنوں کے لیے دعا گو ہوں۔
تاہم گال گدوت کی ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہوا جبکہ اکثر افراد نے کہا کہ وہ ظالموں کی حمایت کررہی ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'آپ امن کی بات نہ کریں جب آپ نے ماضی میں اسرائیلی دفاعی فورسز میں خدمات سرانجام دی ہیں، جنہوں نے گلیوں میں پرامن طریقے سے چلنے والے بچوں اور بڑوں کو قتل کیا'۔
جینٹرٹ نامی صارف نے لکھا کہ 'کیا انہوں نے کبھی خواتین پر حملوں، مردوں اور بچوں کی ہلاکتوں کی ویڈیوز دیکھی ہیں، آپ لوگوں کے لیے دعا نہیں کرسکتے ہیں جب آپ ان میں شامل ہوں جنہوں نے ایسے اقدامات کا آغاز کیا ہو'۔
جیک نامی صارف نے گال گدوت کی ٹوئٹ کے الفاظ تبدیل کرتے ہوئے لکھا کہ اسے ٹھیک کردیا ہے۔
لین نامی صارف نے لکھا کہ 'یہ کہنے کی جرات نہ کریں کہ ہم پڑوسی ہیں جب آپ آئی ڈی ایف کا حصہ رہی ہیں'۔
نورالعیون نے لکھا کہ 'ہم پڑوسی نہیں ہیں، یہ ہماری سرزمین ہے، آپ نے اسے طاقت سے حاصل کیا، ہمیں نکال دیا، پنجرے میں قید کردیا اور ہمارے حقوق چھین لیے'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ' آپ کی حمایت اربوں امریکی ڈالرز نے کی تھی جبکہ ہمارے پاس کچھ نہیں تھا، آپ ہمارے پڑوسی نہیں ہیں، آپ کا یہاں سے تعلق نہیں، یہ آپ لوگوں نے شروع کیا'۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ' وہ آپ کے پڑوسی نہیں ہیں، آپ نے ان کے گھر چھینے'۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ 'کیا انہوں نے آئی ڈی ایف میں خدمات سرانجام نہیں دیں اور اس نسل کشی کی گواہ نہیں ہیں؟ اور اب اچانک کیا ہوا؟'۔
گال گدوت کو اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ساتھ ماضی میں وابستہ رہنے پر تنازع کا سامنا رہا ہے، 2017 میں لبنان کی وزارت معیشت نے گال گدوت کی وابستگی اور لبنان کی اسرائیل سے جنگ کی وجہ سے ونڈر وومن کی ریلیز پر پابندی بھی لگائی تھی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر حالیہ حملے 7 مئی کی شب سے جاری ہیں جب فلسطینی شہری مسجد الاقصیٰ میں رمضان المبارک کے آخری جمعے کی عبادات میں مصروف تھے اور اسرائیلی فورسز کے حملے میں 205 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔