• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سلمان خان کی فلم 'رادھے' کے ریلیز ہوتے ہی ویب سائٹ کریش کر گئی

شائع May 13, 2021 اپ ڈیٹ May 14, 2021
رادھے کو 13 مئی کو ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ
رادھے کو 13 مئی کو ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کی ایک سال کے وقفے کے بعد جب 13 مئی کو نئی فلم 'رادھے' کو آن لائن ریلیز کیا گیا تو ویب سائٹ ہی کریش کر گئی۔

سلمان خان کی فلم 'رادھے' کو اگرچہ گزشتہ برس ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اسے اب 13 مئی کو اسٹریمنگ ویب سائٹ 'زی فائیو' پر ریلیز کردیا گیا۔

تاہم بولی وڈ 'بھائی' کی فلم ریلیز ہوتے ہی اسٹریمنگ ویب سائٹ کریش کر گئی اور لوگ اپنے پسندیدہ ہیرو کی فلم فوری طور پر نہیں دیکھ سکے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق 'رادھے' کو زی فائیو پر 13 مئی کی دوپہر کو 12 بجے ریلیز کیا گیا لیکن اس کے ریلیز ہوتی ہی ویب سائٹ کریش کرگئی۔

'رادھے' کی ریلیز ہوتے ہی بیک وقت ساڑھے 12 لاکھ افراد نے سلمان خان کی فلم دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر لاگ ان کیا، جس کی وجہ سے ویب سائٹ کرش کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی فلم 'رادھے' کا ٹریلر ریلیز

'رادھے' کو زی فائیو کے 'زی پلیکس' چینل پر ریلیز کیا گیا، جہاں صارفین ہر فلم یا سیریز کے عوض رقم فراہم کرتے ہیں اور وہ پیکیج میں شامل نہیں ہوتی۔

'رادھے' کو دنیا کے ان تمام ممالک میں ریلیز کیا گیا ہے، جہاں زی فائیو کی سروس دستیاب ہے اور پاکستان میں بھی اس کی سروس دستیاب ہے۔

فلم کو آن لائن ریلیز کیے جانے کے حوالے سے ایک آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ فلم کو بعض ممالک میں سینما گھروں میں بھی ریلیز کیا گیا ہے لیکن سینما گھروں کی تعداد بہت کم ہے۔

دبنگ ہیرو کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا کے ختم ہوتے ہی یا پھر سینما کھلتے ہی فلم کو باقی سینما گھروں میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی کہانی کے حوالے سے سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ فلم میں ایک نہیں بلکہ تین تین غنڈوں کا سامنا کرتے دکھائی دیں گے اور رندیپ ہودا نے شاندار منفی کردار ادا کرکے فلم کو خوبصورت بنادیا۔

مزید پڑھیں: سلمان خان کی فلم 'رادھے' کے گانے کا تیز ترین ریکارڈ

'رادھے' میں سلمان خان میں ڈرگ مافیا کا خاتمے کے لیے ایکشن میں دکھائی دیں گے، ساتھ ہی وہ دبنگ کی طرح اس میں بھی پولیس افسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔

وہ فلم میں بنیادی طور پر 'انکاؤنٹر اسپیشلسٹ' کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے اور ان کی اس فلم میں 'وانٹڈ' کی جھلک اور 'دبنگ' کے ڈائیلاگز کا حوالہ بھی نظر آئے گا۔

'رادھے' کی ریلیز سے قبل ہی اس کے گانے 'سیٹی مار' نے یوٹیوب پر نیا ریکارڈ بھی بنایا اور وہ گانا یوٹیوب پر 10 روز میں 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جانے والا پہلا بھارتی گانا بنا۔

گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے سلمان خان کی مبینہ گرل فرینڈ یولیا وانتور نے کمال خان کے ساتھ مل کر گایا ہے اور اس کی شاعری شبیر احمد نے لکھی ہے۔

خیال رہے کہ رادھے سلمان خان کی ایک سال بعد ریلیز ہونے والی فلم ہے، اس سے قبل ان کی آخری فلم دسمبر 2019 میں دبنگ تھری ریلیز ہوئی تھی۔

رواں سال کے اختتام تک سلمان خان کی فلم کبھی عید، کبھی دیوالی بھی ریلیز ہونے کا امکان ہے، علاوہ ازیں ایک تھا ٹائیگر تھری اور کک ٹو بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم مذکورہ دونوں فلموں کو آئندہ سال 2022 میں ریلیز کیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024