• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں مزید 3 ہزار سے زائد کورونا وائرس سے متاثر، 126 اموات رپورٹ

شائع May 13, 2021 اپ ڈیٹ May 14, 2021
عیس کے موقع پر ملک بھر میں سخت ایس او پیز نافذ ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
عیس کے موقع پر ملک بھر میں سخت ایس او پیز نافذ ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے متعدد ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے عید الفطر مذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے لیکن ملک میں کووڈ-19 کی صورت حال کچھ روز بہتر رہنے کے بعد ایک مرتبہ پھر خراب ہوتی دیکھائی دیتی ہے۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 3 ہزار 265 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 126 افراد انتقال کر گئے۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 70 ہزار 730 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 19 ہزار 336 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 4 ہزار 623 افراد صحتیاب ہوئے یوں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 76 ہزار 315 تک جاپہنچی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار سے تجاوز کر گئی

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

موجودہ لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکام نے عوام پر زور دیا کہ وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید کی تعطیلات کے دوران اپنے گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں۔

ملک میں 13 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

صوبہ پنجاب کورونا وائرس کی تیسری لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مجموعی طو پر کورونا وائرس سے 3 لاکھ 23 ہزار 314 افراد متاثر جبکہ 9 ہزار 267 انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں بھی وبا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور یہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 483 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 778 تک جاپہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کو زیادہ متاثر کیا جہاں اب تک خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 25 ہزار 914 افراد وبا سے متاثر جبکہ 3 ہزار 679 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

نئے کیسز کے اضافے کے بعد بلوچستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 728 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 255 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

کورونا کی تیسری لہر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کیا ہے جہاں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 78 ہزار 725 ہے جبکہ 722 افراد وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مجموعی طور پر 18 ہزار 129 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 510 افراد کی موت کا سبب بھی بنا ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے سب سے کم گلگت بلتستان متاثر ہوا ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 410 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 107 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024