• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عالمی برادری فلسطینیوں پر طاقت کے استعمال کو روکے، پاکستان

شائع May 11, 2021 اپ ڈیٹ May 12, 2021
ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کے خلاف مذمتی بیان جاری کردیا—فائل/فوٹو: اے پی پی
ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کے خلاف مذمتی بیان جاری کردیا—فائل/فوٹو: اے پی پی

پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اسرائیل کی فضائی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینیوں پر طاقت کا استعمال روکنے کا مطالبہ کردیا جہاں بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'پاکستان غزہ میں اسرائیلی فضائی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کئی معصوم فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں'۔

مزید پڑھیں: غزہ: حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیلی حملے، 9 بچوں سمیت 25 جاں بحق

انہوں نے کہا کہ 'مقدس مہینے رمضان کے دوران ایک اور وحشیانہ کارروائی کی گئی، فلسطینیوں کی بنیادی آزادی پر رکاوٹیں ڈالی گئی اور مسجد اقصیٰ کے اندر اور باہر حملے کیے گئے'۔

ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 'نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی افواج کے اندھا دھند طاقت کے استعمال سے اموات ہوئیں اورکئی افراد زخمی ہوئے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'تمام انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے'۔

ترجمان نے کہا کہ 'پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فلسطین کے شہریوں پر طاقت کے اندھا دھند استعمال کو روکے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'خطے میں پائیدار امن کی واحد ضمانت عالمی سطح پر متفقہ لائحہ عمل کی بنیاد پر ، 1967 سے پہلے والی سرحد اور القدس شریف کے دارالحکومت کی حامل ایک قابل عمل، آزاد اور خود مختار ریاست فلسطین کا قیام ہے'۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے 27ویں شب کو مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں پر جو ظلم کیا، میں نے اس کی مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے بات کریں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے 27ویں شب کو فلسطینیوں پر جو ظلم کیا، میں نے اس کی مذمت کی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے میں نے خود اسلاموفوبیا پر بات کی اور سب کو مل کر مقابلہ کرنا چاہیے کیونکہ ایک ملک کچھ نہیں کرسکتا اور اسی کے لیے ہم کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے اسرائیل نے فلسطینیوں پر جو ظلم کیا ہے اس پر کام کریں پھر اسلاموفوبیا پر مشترکہ کوششیں کریں۔

خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں سے اب تک 9 بچوں سے 25 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

فلسطینی محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 9 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 125 افراد زخمی ہوئے ان میں سے زیادہ تر بچے آپس میں رشتہ دار ہیں۔

شمالی غزہ میں نامعلوم مقام پر ہوئے ایک دھماکے میں 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024