• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بابر اعظم ماہ اپریل کے لیے آئی سی سی کے بہترین بلے باز قرار

شائع May 10, 2021
بابر اعظم کو اپریل کے مہینے میں عمدہ کارکردگی پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم کو اپریل کے مہینے میں عمدہ کارکردگی پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے اپریل کے مہینے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا جبکہ خواتین کرکٹرز میں آسٹریلیا کی ایلیسا ہیلی بہترین کرکٹر قرار پائیں۔

بابر اعظم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ختم ہونے والی سیریز میں تمام فارمیٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شائقین کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی نے اپریل کے مہینے کے لیے بابر اعظم کو بہترین کھلاڑی منتخب کیا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں 82 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت وہ 13 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے کیریئر کے بہترین 865 پوائنٹس پر پہنچ گئے۔

اس سے قبل سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں 59 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیل کر ہدف کے کامیابی سے تعاقب میں پاکستان کی مدد کی۔

نامور مبصر اور آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی کی نمائندگی کرنے والے رمیز راجا نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں دو انداز میں بیٹنگ ہے، ایک طریقہ اپنی طاقت سے حریف باؤلنگ کو تباہ کرنا ہے جبکہ دوسرا بابر اعظم کا انداز ہے جس میں آپ انتہائی نفاست سے شاندار بیٹنگ کرتے ہیں اور اسی وجہ سے بابر اس اعزاز کے مستحق ہیں۔

دوسری جانب بابر اعظم کیریئر کے ابتدائی چاروں ٹیسٹ میچ جیتنے والے پاکستان کے پہلے کپتان بھی بن گئے، ان سے قبل بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی دنیا کے آخری کپتان تھے جنہوں نے اپنے ابتدائی چاروں میچ بطور کپتان جیتے تھے۔

بطور کپتان سب سے زیادہ ابتدائی 9 میچ جیتنے کا اعزاز انگلینڈ کے پرسی چیپ مین کو حاص ہے جنہوں نے 1926 سے 1930 کے درمیان یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

آئی سی نے پیر کو ان ایوارڈز کا اعلان کیا جس کا مقصد مرد و خواتین کرکٹرز کے بہترین کھیل کو سراہنا ہے۔

ماہ اپریل کے ایوارڈ کے لیے بابراعظم کے ساتھ فخر زمان اور نیپال کے کوشال بھورٹل کو نامزد کیا گیا تھا۔

آئی سی سی کے بنائے گئے ماہرین کے پینل اور شائقین کے ووٹوں کے بعد بابر اعظم کو اپریل کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا جنہوں نے تین ون ڈے میچوں میں مجموعی طور پر 228 رنز اور سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں305 رنز بنائے۔

ماہ اپریل کے لیے آسٹریلیا کی نامور خاتون کرکٹر ایلیسا ہیلی کو بہترین کرکٹر قرار دیا گیا۔

نت نئے ریکارڈ

بابراعظم نے اپریل میں بھارت کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو دو ریکارڈز سے محروم کردیا تھا۔

وہ ٹی20 میچوں میں سب سے کم اننگز میں 2 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے تھے اور یہ اعزاز صرف 52 اننگز میں حاصل کیا تھا۔

بابراعظم ٹی20 میں 2 ہزار رنز بنانے والے 11ویں کھلاڑی بنے تھے اور بابراعظم سے تیز ترین 2 ہزار رنز بنا ریکارڈ چھین لیا تھا جنہوں نے 56 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے میچز میں مسلسل بہترین کارکردگی کی بدولت ون ڈے کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے تھے۔

یہ 2017 کے بعد پہلا موقع تھا کہ ویرات کوہلی عالمی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024