• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عید کے اجتماعات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، ناصر حسین شاہ

شائع May 10, 2021
برآمد پر مبنی صنعتی یونٹس بھی عید کی چھٹیوں میں کام کرتے رہیں گے، کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں فیصلہ - فائل فوٹو:ڈان نیوز
برآمد پر مبنی صنعتی یونٹس بھی عید کی چھٹیوں میں کام کرتے رہیں گے، کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں فیصلہ - فائل فوٹو:ڈان نیوز

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عید کے اجتماعات میں عوام کو بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وزیراعلیٰ نے صوبائی وزرا اور منتخب نمائندوں کو اپنے علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے، جو جہاں ہیں وہیں رہے گا'۔

وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے دیگر صوبائی عہدیداران کے ساتھ صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات میں بھی کورونا ویکسینیشن سینٹرز کھلے رکھے جائیں گے جبکہ برآمدات پر مبنی صنعتی یونٹس بھی عید کی چھٹیوں میں کام کرتے رہیں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹریز، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، پرنسپل سیکریٹری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کووڈ کی پہلی لہر میں 11 جون 2020 کو سب سے زائد 3 ہزار 38 کیسز سامنے آئے تھے اور دوسری لہر میں 10 دسمبر 2020 کو سب سے زائد 1983 کیسز سامنے آئے تھے۔

اس میں مزید بتایا گیا کہ 29 اپریل کو کورونا کی تیسری لہر میں سب سے زیادہ ایک ہزار 64 کیسز رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ کا جمعہ، ہفتے کو کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر میں ہال لے کر وہاں 50 ہزار ویکسینیشن کی گنجائش بنائی جائے۔

صوبے میں گزشتہ روز لگائے گئے لاک ڈاؤن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'تاجروں اور عوام کا شکر گزار ہوں کہ وہ اس صورتحال میں تعاون کر رہے ہیں، یہ مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم نے عوام کے تحفظ کی خاطر کیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ روز کورونا کی وجہ سے 16 اموات ہوئیں، اگر 3 سے 9 مئی کے درمیان کورونا کیسز کا ڈیٹا دیکھا جائے تو کراچی میں 9.48 فیصد کیسز آرہے ہیں، حیدرآباد میں 11.81 فیصد اور سکھر میں 5.92 فیصد ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں 3.92 فیصد کیسز سامنے آرہے ہیں'۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں پر رہیں۔

ویکسین کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں، ناصر حسین شاہ

اجلاس کے بعد صوبائی ورزا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عید اجتماعات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، وزرا اور منتخب نمائندوں کو وزیراعلیٰ نے اپنے علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے، جو جہاں ہیں وہیں رہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ 'یومیہ ویکسینیشن کی فی الوقت 25 ہزار کی صلاحیت ہے اور اس کو ایک لاکھ یومیہ تک کیا جائے گا'۔

صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ 'لوگ ویکسین لگوائیں، خود بھی محفوظ رہیں اپنے گھر والوں کو بھی محفوظ بنائیں'۔

'آکسیجن پلانٹ لگارہے ہیں'

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 'آکسیجن کی کمی کوکم کرنے کے لیے اہم ہسپتالوں میں پلانٹ لگارہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ 'کراچی، سکھر، جامشورو اور لاڑکانہ میں پلانٹ لگائیں گے'۔

صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ 'عید کے دنوں میں سی ویو سمیت عوام کسی بھی تفریحی مقام کارخ نہ کریں سخت فیصلے عوام کی بھلائی کے لیے کررہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس عید پر چھٹیاں زیادہ دی گئی ہیں، ہمیں گزشتہ سال کی طرح نہیں کرنا، گزشتہ سال عید کے بعد زیادہ کیسز سامنے آئے تھے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024