بوڑھے ہونے میں کوئی برائی نہیں، عفت عمر
گزشتہ ماہ اپریل میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کے گھر پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ کورونا کی ویکسین لگوانے پر اداکارہ عفت عمر پر جہاں ’اثر و رسوخ‘ استعمال کرکے ویکسین لگوانے کا الزام لگایا گیا تھا، وہیں سوشل میڈیا پر ان کی عمر کے حوالے سے بھی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔
اپریل تک پاکستان میں صرف 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی تھی اور عفت عمر کی جانب سے ویکسین لگوائے جانے پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ ان کی عمر 55 سے 60 سال کے درمیان ہے۔
تاہم اب اداکارہ نے مداح کے ایک کمنٹ پر اپنی حقیقی عمر بتاکر نہ صرف لوگوں کی پریشانی دور کردی بلکہ ان کی عمر سن کو بعض لوگ حیران بھی رہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ’اثر و رسوخ‘ استعمال کرکے کورونا ویکسین لگوانے پر عفت عمر کی معذرت
عفت عمر جو انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں، انہوں نے چند دن قبل اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں تو لوگوں نے ان کی عمر، ان کے میک اپ اور انداز پر انہیں تنقید کا نشانہ بنانا شروع کیا۔
بعض افراد نے ان کی تعریفیں بھی کیں اور بڑھاپے میں انہیں جوان قرار دیا۔
عفت عمر نے انسٹاگرام پر ایک اور تصویر شیئر کی، جس میں ان کے چہرے کے خدوخال سیلفی نکالتے وقت جیسے تھے، جس پر مداحوں نے ان کے انداز اور ہونٹوں کو 1990 کی دہائی کا پاؤٹ (pout) قرار دیا۔
پاؤٹ (pout) کا لفظ دراصل سیلفی نکالتے وقت ہونٹوں کو مخصوص انداز میں ایک دوسرے سے ملاکر چہرے کو گول بنانے کو کہتے ہیں۔
اسی تصویر پر بعض لوگوں نے اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے ہونٹ جعلی ہیں اور بعض نے ان پر شدید تنقید بھی کی۔
انہیں تصویر پر ایک مداح نے ان کی تعریف بھی کی اور لکھا کہ اگرچہ عفت عمر کی عمر 40 سال تک ہوچکی ہے تاہم اب بھی وہ پرکشش دکھائی دیتی ہیں اور گزرتے وقت کے ساتھ ان کی شخصیت نکھرتی جا رہی ہے۔
مداح کے تعریفی جملے پر عفت عمر نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ دراصل ان کی عمر 49 برس ہے۔
اداکارہ نے اسی تصویر پر ایک تنقیدی کمنٹس کرنے والے شخص کو بھی جواب دیا۔
مداح نے ان کی تصویر پر تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ انہیں جیسے بنایا گیا ہے، وہ ویسی ہی رہیں اور ساتھ ہی انہوں نے عفت عمر سے سیاستدان شیری رحمٰن کو بہتر قرار دیا۔
مداح کے تنقیدی کمنٹ پر عفت عمر نے انہیں کرارا جواب دیا کہ بوڑھے ہونے میں کوئی برائی نہیں ہے اور نہ ہی تصویر کھچوانے میں کوئی برائی ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے تنقید کرنے والے مداح کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تنقید کو مفید بنائیں۔