• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سفرا سے متعلق بیان، 'اس رویے پر وزیر اعظم بات نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟'

شائع May 7, 2021
انہوں نے کہا کہ اس رویے پر وزیر اعظم بات نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟—فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ اس رویے پر وزیر اعظم بات نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟—فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سفرا کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بلخصوص مزدوروں کی تکالیف کو دور کرنے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کی تنقید پر حیرت ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایک وزیر اعظم اشرافیہ کے مقابلے میں مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے 19 ممالک میں تعینات افسران سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے سمندر پار تعینات پاکستانی سفارتکاروں کی 'چونکا دینے والی بے حسی' دیکھی ہے۔

وہ بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں موجود سفارتی مشنز پر تنقید کر رہے تھے جہاں بڑی تعداد میں سمندر پار پاکستانی کمیونٹی رہتی ہے، لیکن جس طرح بیان دیا گیا وہ پوری فارن سروس کی مذمت کرتا نظر آیا۔

وزیراعظم نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'لاتعلق رویہ ناقابلِ معافی اور ناقابل قبول ہے، اپنی نوآبادیاتی دور کی ذہنیت چھوڑیں اور تارکین وطن کے ساتھ اچھا سلوک کریں'۔

مزید پڑھیں: فارن سروس کے افسران وزیراعظم کے بیان سے نالاں

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کو مزدوروں کی بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اس سے عالمی سطح پر سبکی ہوئی ہے۔

فواد چوہدری نے انکشاف کیا کہ واقعات کے تناظر میں وزیر اعظم عمران خان کو بیان دینا پڑا، ایک سفارتخانے کے خلاف تحقیقات ہورہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ 'بیرون ملک مقیم ایک پاکستانی خاتون کا دوران ملازمت متعدد مرتبہ ریپ کیا گیا اور جب وہ سفارتخانے مدد کے لیے پہنچی تو عملے کے رکن نے کہا کہ تمہاری متعدد مرتبہ طلاق ہوئی ہیں کیوں نہ تمہیں پولیس کے حوالے کردوں'۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ وہ خاتون اس قدر خوفزدہ ہوئیں کہ واپس اسی گھر میں چلی گئی جہاں اس کے ساتھ ریپ ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس رویے پر وزیر اعظم بات نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا پاکستانی سفارتخانوں میں پاکستانیوں سے خراب رویے پر اظہار برہمی

فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کو مخاطب کرکے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق اور انتخابی اصلاحات کے خلاف ہیں تو بتائیں کہ آخر آپ کی سیاست کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران سیکڑوں پاکستانیوں کی ملک واپس کے عمل میں سفرا کا کردار قابل تحسین ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے خود تعریف کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے بھی واقعات ہیں کہ سفارتخانے کے عملے نے پتھر رکھ کر راستے بند کردیے تاکہ کوئی مزدور نہ آسکے۔

علاوہ ازیں کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے 249 میں ووٹ کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی مطالبہ کردیا تھا کہ یہ معاملہ دوبارہ گنتی کا نہیں بلکہ دوبارہ الیکشن کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخاب میں ہونے والی دھاندلی سے واضح ہوگیا کہ انتخابی اصلاحات کس قدر ضروری ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کیوں بار بار اس پر زور دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسپیکر اسمبلی نے انتخابی اصلاحات میں اپوزیشن کو شامل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی

وفاقی وزیر نے کہا ہم مسلم لیگ (ن) سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن آپ سنجیدہ رویہ اختیار کریں۔

واضح رہےکہ وزیر اعظم نے 19 ممالک میں تعینات افسران سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سمندر پار تعینات پاکستانی سفارتکاروں پر کڑی تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'لاتعلق رویہ ناقابلِ معافی اور ناقابل قبول ہے، اپنی نوآبادیاتی دور کی ذہنیت چھوڑیں اور تارکین وطن کے ساتھ اچھا سلوک کریں'۔

وہ بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں موجود سفارتی مشنز پر تنقید کر رہے تھے جہاں بڑی تعداد میں سمندر پار پاکستانی کمیونٹی رہتی ہے، لیکن جس طرح بیان دیا گیا وہ پوری فارن سروس کی مذمت کرتا نظر آیا۔

جرنلسٹ پروٹیکٹ ایکٹ منظور

فواد چوہدری نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ وفاقی کابینہ نے کل رات صحافیوں کے تحفظ سے متعلق جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت میڈیا مالکان متنازع جگہوں پر رپورٹنگ پر جانے والے صحافیوں کو حفاظتی سامان فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی صحافی کو کوئی نقصان ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری میڈیا مالکان پر عائد ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت کوئی بھی صحافی ہو اس سے ذرائع نہیں پوچھے جائیں گے۔

پاکستانی نوجوان اب ایمیزون کا پلیٹ فارم استعمال کرسکتے ہیں، عبد الرزاق داؤد

اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ آن لائن شاپنگ کی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں میں سے ایک ایمیزون کی جانب سے پاکستان کو آئندہ چند روز میں سیلر لسٹ میں شامل کرلیا جائے گا جس کے بعد ایکسپورٹ کا ایک اور راستہ کھل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اشیا کے معیار پر مشاورت کے بعد ابتدائی بنیادوں پر ایمیزون نے 40 ایکسپورٹرز کی منظوری دی تھی۔

مشیر تجارت نے کہا کہ لیکن اب نوجوان ملک سے بیرون ملک اپنی تیار کردہ مصنوعات کو فروخت کرسکیں گے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اس میں کئی چیلنجز کا سامنا بھی ہے جس میں قابل ذکر کوریئر سروسز ہیں جنہیں اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا ہوگا تاکہ وقت پر سامان یا چیز کی ترسیل ممکن ہوسکے۔

مزیدپڑھیں: ایمیزون آئندہ چند روز میں پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کرنے کو تیار

عبد الرزاق داؤد نے کہا کہ اگر کسی ایکسپورٹرز کے ذریعے کوئی چیز بیرون ملک پہنچی اور اس پروڈکٹ کا معیار بتائے گئے معیار کے عین مطابق نہیں ہوا تو ایمیزون کو شکایت موصول ہونے پر ایکسپورٹر کو خارج کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایمیزون کے نظام کو استعمال کرنے کے لیے پاکستانی سیلرز کو ٹریننگ دینے کی بھی ضرورت ہے۔

آئی ٹی شعبوں میں ایف بی آر کے نوٹس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر خزانہ شوکت ترین کے ساتھ گزشتہ روز بھی بات ہوئی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اب ایمیزون بھی شامل ہے اس لیے آئندہ بجٹ میں اس مسئلے کا حل پیش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024