• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سوشل میڈیا پر جاری افواہوں، تنقید پر مولانا طارق جمیل کے برانڈ کی وضاحت

شائع May 2, 2021
مولانا طارق جمیل نے چند روز قبل ایم ٹی جے اسٹور کا افتتاح کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
مولانا طارق جمیل نے چند روز قبل ایم ٹی جے اسٹور کا افتتاح کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے اپریل میں اپنے نام سے شروع کیے جانے والا ملبوسات کا برانڈ 'ایم ٹی جے' متعارف کروایا تھا اور چند روز قبل انہوں نے کراچی میں اس کے پہلے اسٹور کا افتتاح بھی کیا تھا۔

تاہم ایم ٹی جے اسٹور کے افتتاح کے بعد سے مولانا طارق جمیل کو سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا سامنا بھی ہے۔

ان کے اسٹور کے افتتاح کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے تقریب کو کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔

26 اپریل کی دوپہر کو جب ایم ٹی جے اسٹور کا افتتاح کیا گیا تو یہ بتایا گیا تھا کہ برانڈ کی مصنوعات کی قیمتیں عام مارکیٹ سے مطابقت رکھتے ہوئے 2 ہزار سے 5 ہزار روپے کے درمیان ہیں۔

مزید پڑھیں: مولانا طارق جمیل نے کراچی میں 'ایم ٹی جے' اسٹور کا افتتاح کردیا

تاہم بعدازاں لوگوں کی جانب سے یہ شکایت سامنے آئی کہ ان کے برانڈ کے کپڑے بھی دیگر بڑے برانڈز کی طرح کافی مہنگے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ اس کے بعد مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ایم ٹی جے کے لوگو کے ساتھ ایک ازار بند کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی جس کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ اس کی قیمت 550 روپے ہے۔

—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین نے مولانا طارق جمیل کے برانڈ پر دوبارہ اعتراض کیا اور مختلف قسم کے تبصرے کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ 10 روپے کی چیز کو 550 روپے میں فروخت کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ٹی جے برانڈ سے کاروبار کا ارادہ نہیں، آمدنی فاؤنڈیشن میں لگاؤں گا، مولانا طارق جمیل

تاہم سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر تنقید کے بعد ایم ٹی جے کی جانب سے ایک بیان میں وائرل ہونے والی تصویر کی تردید کی گئی۔

مولانا طارق جمیل کے برانڈ کی جانب سے آفیشل اکاؤنٹس پر یہ بیان اردو اور انگریزی زبان میں جاری کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'ایم ٹی جے برانڈ اس خبر کی تردید کرتا ہے کہ یہ برانڈ ایسا ازاربند، جس کی قیمت 550 روپے ہے، اسے بنارہا ہے اور فروخت کررہا ہے'۔

مزید پڑھیں: مولانا طارق جمیل نے ملبوسات کے برانڈ کا افتتاح کردیا

مزید کہا گیا کہ 'کچھ دنوں سے اس بے بنیاد خبر کو پھیلایا جارہا ہے'۔

اس حوالے سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ 'ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نہ ہی یہ پروڈکٹ بنارہے ہیں اور نہ ہی یہ ہماری ویب سائٹ اور اسٹورز پر موجود ہے'۔

برانڈ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ جو لوگ اس جعلی خبر کو پھیلا رہے ہیں، انہیں رپورٹ کرنے میں ہماری مدد کریں۔

اس سے قبل مار چ میں سوشل میڈیا پر خصوصی نمبر پلیٹ MTJ1 کی گاڑی کی تصاویر وائرل ہورہی تھی جس پر بعدازاں مولانا طارق جمیل نے خود سے منسوب پُرتعیش گاڑی کی تصویر سے متعلق ردعمل دیا تھا۔

خیال رہے کہ مولانا طارق جمیل کو اپنے نام سے منسوب کاروباری برانڈ کے قیام کے فیصلے کے بعد سے ہی انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

فروری میں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے تھے کہ مولانا طارق جمیل کو اب کاروبار کرنے کا خیال کیوں آیا اور برانڈ لانچ کرنے سے ان کے کیا مقاصد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا طارق جمیل کا خود سے منسوب گاڑی کی تصویر سے متعلق ردعمل سامنے آگیا

جس پر مولانا طارق جمیل نے اپنے نام سے شروع کیے جانے والے کپڑوں کے برانڈ سے متعلق وضاحت دی تھی اور کہا تھا کہ برانڈ سے کاروبار کا کوئی ارادہ نہیں بلکہ اس کی آمدنی فاؤنڈیشن کے لیے خرچ کی جائے گی۔

بعدازاں اپریل میں کراچی میں واقع تاریخی موہٹہ پیلس میں 3 اپریل کو ان کے برانڈ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ ایم ٹی جے، ملبوسات کو نجی کلاتھنگ برانڈ ڈائنرز کے اشتراک سے متعارف کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024