• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مرینہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئیں

شائع April 30, 2021
اداکارہ نے مداحوں سے کورونا وائرس کو سنجیدہ لینے کی درخواست بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ نے مداحوں سے کورونا وائرس کو سنجیدہ لینے کی درخواست بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ بڑھتا جارہا ہے اور اب معروف اداکارہ مرینہ خان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی ہیں۔

مرینہ خان نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوگئی ہیں۔

انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ اپنے کمرے میں قرنطینہ کررہی ہیں اور اگلے 15 دن وہیں گزاریں گی۔

مرینہ خان نے بتایا کہ پہلے ان کا خیال تھا کہ اگر کبھی وہ وائرس کا شکار ہوئیں تو اس سے نمٹ لیں گی' لیکن جب یہ ہوتا ہے تو یہ (وائرس) حقیقت ہے'۔

مزید پڑھیں: علی سفینہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ وائرس حقیقت میں موجود ہے'۔

اداکارہ نے مداحوں سے کورونا وائرس کو سنجیدہ لینے کی درخواست بھی کی۔

مرینہ خان نے ویڈیو میں خود میں ظاہر ہونے والی علامات بھی بتائیں، انہوں نے کہا کہ 'مجھے تھکن، بخار ہے جو ہوتا ہے اور اتر جاتا ہے، سردرد ہے جو ابھی کم ہوگیا ہے'۔

انہوں نے مداحوں کو اس عید پر گھروں میں رہنے کی تلقین بھی کی، انہوں نے کہا کہ 'اس سال آپ عید پر نئے کپڑے نہیں خریدیں گے تو کچھ نہیں ہوگا'۔

مرینہ خان نے ویڈیوز میں بھارت کے لیے بھی دعا کرنے کی درخواست کی جو ان دنوں وبا کے باعث سنگین صورتحال کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سمیع خان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے

خیال رہے کہ گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے میں کورونا کے پھیلاؤ سے لے کر اب تک پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

چند روز قبل اداکار علی سفینہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، ان سے قبل سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد بھی کورونا سے متاثر ہوئیں۔

ان سے قبل پاکستانی گلوکار جواد احمد میں دوسری مرتبہ کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں رواں برس ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس، اداکار علی رحمٰن اور علی عباس اور سمیع خان کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

خیال رہے کہ ان دنوں پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے 5 ہزار 112 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 131 وبا سے انتقال کرگئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024