• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سابق ڈی جی ایف آئی اے کے انکشافات کی انکوائری کروائی جائے، پاکستان بار کونسل

شائع April 30, 2021
کمیٹی نے وفاقی وزیر قانون اور شہزاد اکبر کے مبینہ کردار پر ان سے استعفے کا مطالبہ کیا — فائل فوٹو: فیس بک
کمیٹی نے وفاقی وزیر قانون اور شہزاد اکبر کے مبینہ کردار پر ان سے استعفے کا مطالبہ کیا — فائل فوٹو: فیس بک

اسلام آباد: پاکستان بار کونسل (پی بی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن کے انکشافات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بشیر میمن نے الزام عائد کیا تھا کہ سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف تحقیقات کے لیے اہم حکومتی شخصیات نے ان پر دباؤ ڈالا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محمد فہیم ولی کی سربراہی میں ایگزیکٹو کمیٹی نے ایک اعلیٰ سطح کے عدالتی کمیشن کے ذریعے ان 'انکشافات' کی انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس بنانے کیلئے دباؤ ڈالا گیا، سابق ڈی جی ایف آئی اے

خیال رہے کہ حال ہی میں ایک ٹی وی ٹاک شو میں بشیر میمن نے الزام عائد کیا تھا کہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے انہیں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات پر کارروائی کرنے کا کہا تھا۔

سابق ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ انہوں نے اس سے انکار کردیا تھا کیونکہ ایف آئی اے کے پاس ایسا کرنے کا کوئی جواز نہیں بالخصوص جبکہ معاملہ سپریم کورٹ کے جج کا ہے۔

حالیہ انکشافات سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی نظرِثانی درخواست منظور کرنے اور ان کے خلاف ایف بی آر اور دیگر حکومتی اداروں کے لیے گئے ایکشن کو غیر قانونی قرار دینے کے اکثریتی فیصلے کے ایک روز بعد سامنے آئے تھے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے الزامات مسترد کردیے، سینئر صحافی

ان الزامات کے نتیجے میں شہزاد اکبر نے سابق ڈی جی ایف آئی اے کو قانونی نوٹس بھجوایا تھا۔

اپنے نوٹس کے ذریعے شہزاد اکبر نے مطالبہ کیا تھا کہ بشیر میمن اپنے ریمارکس واپس لے کر عوامی سطح پر معافی مانگیں یا ان کی شہرت کو پہنچنے والے نقصان کے ہرجانے کے طور پر 50 کروڑ روپے اور 20 لاکھ روپے قانونی فیس ادا کریں یا نتائج کا سامنا کریں۔

دوسری جانب پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا جمعرات کے روز ایک اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پی بی سی کے نائب چیئرمین خوشدل خان نے خصوصی دعوت پر شرکت کی، ان کے علاوہ ہارون الرشید، محمد احسن بھون، محمد مسعود چشتی، حسن رضا پاشا، سید قلبِ حسن، سید امجد شاہ اور عابد ساقی نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس فائز عیسیٰ کی نظرثانی درخواستیں منظور، ایف بی آر کی تمام کارروائی کالعدم

اجلاس کے ایجنڈے میں شامل دیگر معاملات پر گفتگو کے علاوہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی دائر کردہ نظرِثانی درخواست پر دیے گئے تاریخی فیصلے کی حمایت اور تعریف میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔

کمیٹی نے کہا کہ 'اس سے عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے تعین میں بہت طویل سفر طے ہوگا' اور اس معاملے میں انصاف فراہم کرنے کے لیے عدالت عظمٰی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

کمیٹی نے وفاقی وزیر قانون اور شہزاد اکبر کے مبینہ کردار پر ان سے استعفے کا مطالبہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024