• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بلاول کا ملک میں آٹے کے ایک اور بحران کا انتباہ

شائع April 29, 2021
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تین سالوں میں گندم کے دو بحران پیدا کیے ہیں —فائل فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تین سالوں میں گندم کے دو بحران پیدا کیے ہیں —فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں صرف 20 دنوں کے لیے گندم کا ذخیرہ دستیاب ہے جس کی وجہ سے ملک آٹے کے ایک اور بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ انتباہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے دیا جس میں گندم کی قیمت خرید 1800 روپے فی من مقرر کرنے پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ حکومت جھوٹے دعوے کر رہی ہے کہ اس نے سبسڈی قیمت میں 400 فیصد اضافہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، مستعفی ہوجائیں، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ درحقیقت صرف 28 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور حکومت نے گندم کی قیمت خرید 1400 روپے سے بڑھا کر 1800 روپے کی ہے۔

دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سبسڈی کی قیمت 1800 روپے رکھ سکتی ہے لیکن پیپلز پارٹی سندھ میں کسانوں پر ظلم نہیں ہونے دے گی اور صوبے میں گندم کی امدادی قیمت 2 ہزار روپے فی من رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ نے گندم کی امدادی قیمت کو بڑھا کر 2 ہزار روپے کیا ہے جو 42 فیصد اضافہ ہے۔

بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ 'ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کی امدادی قیمت صوبوں میں یکساں نہیں اور پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے کسانوں پر اس ظلم کے ذمہ دار عمران خان ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھاد، بیج اور ادویات سے لے کر زرعی مشینری، بجلی اور فیول کی قیمتوں میں 150 فیصد اضافے کے بعد گندم کی امدادی قیمت 1800 روپے دینا کسانوں پر ظلم ہے۔

ساتھ ہی چیئرمین پی پی پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تو گندم کی امدادی قیمت 1600 روپے چاہتی تھی لیکن پی پی پی نے کسانوں کا مقدمہ لڑا تو وفاق نے قیمت میں کچھ اضافہ کیا، انہوں نے عوام کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے تین سالوں میں گندم کے دو بحران پیدا کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: عدلیہ پر حملے کی سازش پر صدرمملکت مستعفی ہوں، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے آج ملک میں صرف دو سے ڈھائی ہفتوں کی گندم کا ذخیرہ رہ گیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گندم کے ختم ہوتے ذخائر کے بحران سے نہیں نمٹا گیا تو ملک میں ایک مرتبہ پھر آٹے کی قلت ہوسکتی ہے، جس طرح گزشتہ برس مئی میں پنجاب میں گندم کی فصل کاٹی گئی اور جولائی میں ایک کروڑ ٹن سے زائد گندم غائب ہوگئی تھی۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے سرمایہ دار دوستوں سے پوچھیں کہ گندم، افغانستان اسمگل کرکے مصنوعی بحران کیسے پیدا ہوا، یہ وہی گندم پیدا کرنے والا پاکستان ہے جو آج گندم بیرون ملک سے درآمد کر رہا ہے، معیشت کی تباہی کی ایک وجہ یہ ہے کہ زرعی ملک پاکستان کے حکمران کو بدقسمتی سے زراعت کی الف، ب سے بھی واقفیت نہیں۔

پی آئی اے منصوبہ

دوسری جانب ایک علیحدہ بیان میں سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی رہنما شیری رحمٰن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو 2 کمپنیوں میں تقسیم کرنے کے حکومت کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'تباہی سرکار نے درست لائسنس والے متعدد پاکستانی پائلٹس کو داؤ پر لگا کر، یورپی دارالحکومتوں میں ایئرلائن گراؤنڈ کراو کر، بیرونِ ملک پی آئی اے کے اثاثے بیچ کر اسے تباہ کردیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے 2 ہزار ملازمین کو رضاکارانہ علیحدگی اسکیم لینے پر مجبور کیا گیا اور اب 14 ہزار ملازمین کو نکالنے کا منصوبہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024