• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:07pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:36pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:07pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:36pm

عامر لیاقت نے تیسری شادی کے دعووں کو مسترد کردیا

شائع April 27, 2021
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی تیسری شادی کی خبریں گردش کررہی تھیں— فوٹو: انسٹاگرام
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی تیسری شادی کی خبریں گردش کررہی تھیں— فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے معروف ٹی وی اینکر، میزبان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بالآخر تیسری شادی کی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے انہیں یکسر مسترد کردیا۔

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی تیسری شادی کی خبریں گردش کررہی تھیں۔

اداکارہ و ماڈل ہانیہ خان نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز و تصاویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ عامر لیاقت کی تیسری بیوی ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ نے طلاق کی تصدیق کردی

انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ عامر لیاقت اور ان کی دوسری بیوی طوبیٰ عامر نے انہیں نقصان پہنچانے کے لیے ان پر کالا جادو کروایا۔

ہانیہ خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر واٹس ایپ چیٹ اور ویڈیو کالز کے اسکرین شاٹس، عامر لیاقت کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کی گئی تھیں۔

ہانیہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا تعلق بہت پرانا اور ان کے اہلخانہ بھی عامر لیاقت سے ملاقات کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ان دونوں کی شادی ہوئی تھی، ان کے خاندان بھی راضی تھے لیکن ان کی موجودہ بیوی طوبیٰ عامر نے ان کے خلاف مہم چلانا شروع کی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کی دوسری شادی پر پہلی اہلیہ اور بیٹی کا ردعمل

عامر لیاقت کو منافق قرار دیتے ہوئے انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ عامر لیاقت نے ان کے کیریئر کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

سوشل میڈیا پر لائیو اسٹریم کے دوران ہانیہ خان نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ انہوں نے متعدد مواقع پر خودکشی کی کوشش بھی کی تھی۔

ہانیہ خان نے عامر لیاقت پر یہ الزام بھی لگایا تھا کہ انہوں نے ان کے اہلخانہ سے دور کردیا کہ انہوں نے اینکر پرسن کی خاطر گھر والوں سے جھگڑا بھی کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی کی تصاویر سامنے آگئیں

انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر عامر لیاقت سچے اور ایماندار ہیں، جیسا وہ دعویٰ کرتے ہیں تو پھر انہیں اپنے تعلق کی سچائی بیان کرنی چاہیے اور تمام سوالوں کے جواب دینے چاہئیں۔

جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے عامر لیاقت کی تیسری مبینہ شادی پر حیرت کا اظہار کیا گیا تھا۔

جس کے بعد عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بیان میں ہانیہ خان کے شادی کے دعووں کو مسترد کردیا۔

عامر لیاقت نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں کہا کہ 'آپ لوگوں نے ماشااللہ میری 3، 4 اور 5 شادیاں کراچکے ہیں لیکن میری ایک ہی شادی ہے جو طوبیٰ سے ہے'۔

عجیب و غریب بیانات پر مبنی اس ویڈیو میں عامر لیاقت نے کہا کہ 'عورت کے زیادہ بولنے کا شکوہ تو سبھی کرتے ہیں لیکن گونگی عورت سے بھی کوئی شادی نہیں کرنا چاہتا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہر کوئی یہ چاہتا ہے کہ شادی کرے تو بولتی ہوئی عورت سے کرے'۔

اس کے بعد ویڈیو میں انہوں نے شاعرانہ انداز میں مزید کہا کہ 'اور کبھی جو مجھے فتویٰ دینے کا ازن ملے، میں انسان کا انسان کے آگے رونا حرام لکھ دوں، رونا ہے تو صرف خدا کے آگے رونا ہے'۔

مزید پڑھیں : اس وقت میں دوسری اہلیہ کا کفیل نہیں ہوں، عامر لیاقت

تاہم مذکورہ ویڈیو میں شادی کی افواہیں مسترد کرنے کے بیان کے علاوہ ان کی جانب سے کی جانے والی باتوں کو سمجھا نہیں جاسکا کہ وہ کس جانب اشارہ کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ عامر لیاقت نے دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، ان کی دوسری شادی اداکارہ طوبیٰ عامر سے ہوئی تھی۔

عامر لیاقت نے پہلے شادی کو کچھ عرصہ خفیہ رکھا تھا تاہم جولائی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران انہوں نے دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا۔

عامر لیاقت کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں دوسری شادی کے اعتراف کے بعد سوشل میڈیا پر کافی ہنگامہ سامنے آیا تاہم انہوں نے چند ماہ کی افواہوں کے بعد دسمبر 2018 میں پہلی بار عوامی سطح پر دوسری شادی کا اعتراف کیا۔

عامر لیاقت کی جانب سے دوسری شادی کے عوامی سطح پر اعتراف کے ٹھیک دو سال بعد دسمبر 2020 میں ان کی پہلی اہلیہ نے تصدیق کی تھی کہ شوہر نے انہیں طلاق دے دی تھی۔

سیدہ بشریٰ اقبال نے اپنی ٹوئٹ اور انسٹاگرام پوسٹ میں مختصر طور پر تصدیق کی تھی کہ عامر لیاقت حسین نے انہیں طلاق دے دی تھی۔

بشریٰ اقبال نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ عامر لیاقت نے انہیں کب طلاق دی تھی تاہم بتایا کہ سابق شوہر نے انہیں دوسری اہلیہ کی درخواست پر طلاق دی۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024