• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ارجن رامپال، سونو سود اور نیل نتن مکیش بھی کورونا وائرس سے متاثر

شائع April 18, 2021
تینوں اداکار 17 اپریل کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام
تینوں اداکار 17 اپریل کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام

بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے، جس سے بولی وڈ فلم انڈسٹری کے اداکار بھی محفوظ نہیں ہیں۔

حال ہی میں ایک ہی دن میں اداکار ارجن رامپال، سونو سود اور نیل نتن مکیش سمیت ان کے اہلخانہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

تینوں اداکاروں نے اپنے مداحوں اور فالوورز کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دی۔

مزید پڑھیں: عالیہ بھٹ کورونا وائرس سے صحتیاب

ارجن رامپال نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اداکار نے لکھا کہ 'میرا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اگرچہ مجھ میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں لیکن میں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا اور میں گھر میں قرنطینہ میں ہوں'۔

ارجن رامپال نے بتایا کہ 'وہ ضروری طبی امداد حاصل کررہے ہیں اور کورونا سے متعلق تمام ضوابط پر بھی عمل کررہے ہیں'۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں گزشتہ دنوں ان سے ملاقات کرنے والے تمام افراد کو اپنا خیال رکھنے کی تاکید کی۔

یہ بھی پڑھیں: اکشےکمار 9 دن میں کورونا وائرس سے صحتیاب

ارجن رامپال نے لکھا کہ 'وہ تمام افراد جو گزشتہ 10 روز میں مجھ سے رابطے میں رہے، برائے مہربانی اپنا خیال رکھیں اور ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں'۔

انہوں نے لکھا کہ 'یہ ہمارے لیے بہت ہولناک وقت ہے لیکن اگر ہم اس سے باخبر رہیں اور عقلمندی کا مظاہرہ کریں تو اس سے طویل المدتی فوائد حاصل ہوں گے'۔

اداکار نے مزید لکھا کہ' ایک ساتھ مل کر ہم ایسا کرسکتے ہیں اور ہم کورونا کا مقابلہ کریں گے'۔

دوسری جانب اداکار نیل نتن مکیش اور ان کے اہلخانہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے بھی یہ اطلاع انسٹاگرام کے ذریعے دی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ 'تمام ضروری احتیاطی تدابیر اپنانے سمیت، گھر رہنے کے باوجود بدقسمتی سے میرا اور میرے اہلخانہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے'۔

مزید پڑھیں : اکشے کمار کے بعد ان کی ٹیم کے 45 ارکان کورونا کا شکار

نیل نتن مکیش نے لکھا کہ 'ہم سب نے گھر میں قرنطینہ کیا ہے، ہم تمام ضروری پروٹوکولز پر عمل کررہے ہیں اور ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق ادویات بھی لے رہے ہیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'ہم آپ سب کی محبت اور نیک تمناؤں پر آپ کے مشکور ہیں، اپنا خیال رکھیں اور محفوظ رہیں'۔

اپنی پوسٹ کے کیپشن میں نیل نتن مکیش نے لکھا کہ 'آپ سب کی دعاؤں اور محبت کی ضرورت ہے، برائے مہربانی صورتحال کو سنجیدہ لیں'۔

ان کے ساتھ ہی اداکار سونو سود میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعے وائرس کا شکار ہونے سے متعلق بتایا۔

'کووڈ-پازیٹیو-موڈ-سپر پازیٹیو' کے عنوان سے جاری پوسٹ میں سونو سود نے بتایا کہ '17 اپریل کی صبح کو ان کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا'۔

انہوں نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور وہ اپنا بہت خیال رکھ رہے ہیں۔

سونو سود نے مداحوں سے اپنی صحتیابی کی دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار بھی کورونا کا شکار ہوگئے

ان سے قبل بھی متعدد بولی وڈ شخصیات کورونا سے صحت یاب ہو چکی ہیں، زیادہ تر شوبز شخصیات 2 ہفتوں میں جب کہ بعض تین ہفتوں میں ہی صحت یاب ہوگئی تھیں۔

اپریل میں عامر خان، کترینہ کیف، وکی کوشل، بھومی پڈنیکر اور پریش راول، گوندا، عالیہ بھٹ سمیت چند دیگر اداکار بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح بھارت کو بھی کورونا کی نئی لہر کا سامنا ہے اور وہاں اپریل کے پہلے ہفتے،سے یومیہ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سامنے آرہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024