• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت میں ایک روز میں 2 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ

شائع April 15, 2021
ممبئی میں کیسز کی تعداد میں اضافے سے مریضوں کا علاج کرنے والے بہت سے ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن کی رسد کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ - فائل فوٹو:رائٹرز
ممبئی میں کیسز کی تعداد میں اضافے سے مریضوں کا علاج کرنے والے بہت سے ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن کی رسد کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ - فائل فوٹو:رائٹرز

گزشتہ روز بھارت میں ریکارڈ 2 لاکھ نئے کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے اور ملک کے مالیاتی مرکز ممبئی میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا کیونکہ شہر میں کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج کرنے والے بہت سے ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن کی رسد کی شدید قلت ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 8 روز میں یہ روزانہ کے حساب سے ساتواں ریکارڈ اضافہ تھا، بھارت میں وائرس کی دوسری لہر بری طرح پھیل رہی ہے جبکہ ملک کے معاشی طور پر اہم ریاست مہاراشٹر اس کا مرکز ہے۔

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ملک میں سامنے آنے والے کیسز کا تقریبا ایک چوتھائی حصہ موجود ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 739 کووڈ 19 کیسز رپورٹ کیے۔

مزید پڑھیں: ملک میں مسلسل تیسرے روز 100 سے زائد اموات، مزید 5 ہزار 395 کورونا کیسز رپورٹ

اس کے علاوہ ملک میں گزشتہ روز ایک ہزار 38 اموات بھی رپورٹ ہوئی جس کے بعد مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 123 ہوگئی۔

ملک میں کیسز کی تعداد ایک کروڑ 41 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی کیسز 3 کروڑ 14 لاکھ ہیں۔

ڈھاکا میں لاک ڈاؤن

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت میں بدھ کے روز ہزاروں پولیس اہلکاروں نے خالی سڑکوں پر گشت کیا جہاں حکومت نے کورونا وائرس کی نئی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے۔

عام طور پر ایشیا میں سب سے زیادہ انسانوں پر مشتمل شہر ڈھاکہ بھوتوں کی بستی کا منظر پیش کررہا تھا جہاں افسران نے 2 کروڑ آبادی کے شہر میں چوکیاں قائم کیں تاکہ کسی کو بھی بغیر کسی مخصوص پاس کے گزرنے سے روکا جاسکے۔

بدھ کا روز بنگالی سال نو کا پہلا دن تھا جس روز عام طور پر لاکھوں لوگ بڑے شہروں میں روایتی جلسوں میں جاتے ہیں، اس کے علاوہ گزشتہ روز بنگلہ دیش میں رمضان کا بھی پہلا روز تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ کورونا وائرس سے صحتیاب

تاہم کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے ان تقریبات کو مسلسل دوسرے سال بھی منسوخ کیا گیا۔

گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں ایک تازہ کورونا وائرس کی لہر پھیلی، جس میں روزانہ انفیکشن میں سات گنا اضافہ اور اموات تین گنا بڑھ گئی ہیں۔

جنوبی ایشیائی ملک میں تقریباً 7 لاکھ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جس میں سے 10 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

جرمنی میں جنوری کے بعد سے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جرمنی میں کورونا وائرس کے روزانہ کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 29 ہزار 426 ہوگئی جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 30 لاکھ 73 ہزار ہوگئی ہے۔

یہ 8 جنوری کے بعد سب سے بڑا اضافہ ہے کیونکہ حکومت وائرس کی تیسری لہر پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں سخت پابندیوں کے نفاذ پر غور کر رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز اموات کی تعداد 293 رہی جس کے بعد اب تک وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 79 ہزار 381 ہوگئی۔

ترکی میں جزوی کرفیو

انادولو کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی وزارت داخلہ نے مسلمانوں کے مقدس ماہ رمضان المبارک کے دوران جزوی طور پر لاک ڈاؤن کے حوالے سے کورونا وائرس اقدامات پر عوامی نوٹس جاری کیا۔

ملک کے تمام 81 صوبوں کو ارسال کیے گئے نوٹس کے مطابق قواعد پر عمل کیا جائے اور صوبائی بنیادوں پر کیے جانے والے کورونا وائرس اقدامات کا تعین گورنر شپ کے ذریعے کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: طرز زندگی کی وہ عام عادت جو کووڈ 19 کی سنگینی کا خطرہ بڑھائے

نئی پابندیوں کے تحت عام دنوں میں کرفیو رات 9 بجے کے بجائے 7 بجے شروع ہوگا اور صبح 5 بجے تک جاری رہے گا اور اس دوران ضروری اور ایمرجنسی صورتحال کے علاوہ شہروں کے اندر سفر پر بھی پابندی ہوگی۔

ملک بھر میں ہفتے کے آخر میں کرفیو 2 اپریل کو نافذ کیا گیا تھا جو 17 مئی تک جاری رہے گا۔

منگل تک ترکی میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 34 ہزار 455 اموات ریکارڈ کی گئیں جب کہ مجموعی 39 لاکھ 60 ہزار کیسز میں سے 34 لاکھ 20 ہزار افراد اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

روس میں تقریبا 9 ہزار نئے کیسز، 398 اموات رپورٹ

روس میں کووڈ 19 کے 8 ہزار 944 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے صرف ماسکو سے 2 ہزار 455 کیسز شامل ہیں۔

ملک میں سرکاری سطح پر مجموعی کیسز کی تعداد 46 لاکھ 75 ہزار 153 ہوگئی ہے۔

سرکاری کورونا وائرس ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 398 افراد ہلاک ہوئے جس سے ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار 398 ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024