• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر جرمنی پہنچ گئے

شائع April 11, 2021
شاہ محمود قریشی اپنے  جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کی دعوت پر جرمنی کا دورہ کررہے ہیں— فوٹو: بشکریہ جرمن ایمبیسی پاکستان ٹوئٹر
شاہ محمود قریشی اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کی دعوت پر جرمنی کا دورہ کررہے ہیں— فوٹو: بشکریہ جرمن ایمبیسی پاکستان ٹوئٹر

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچ گئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق برلن آمد پر جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل، جرمن وزارت خارجہ کے سینئر حکام اور سفارتے خانے کے سینئر عہدیداران نے ایئرپورٹ پر شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کی دعوت پر جرمنی کا دورہ کررہے ہیں۔

برلن ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ آج (11 اپریل کو) کاروباری اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو بہت مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اقتصادی سفارت کاری کے میدان اور ٹیکنالوجی کے تبادلے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ جرمنی کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل (بروز پیر، 12 اپریل) وہ اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس سے خطے سمیت اہم بین الاقوامی مامعلات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر خارجہ کے مطابق وہ جرمن پارلیمنٹ کے صدر وولف گینگ شوئیبل سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس کے ساتھ ہی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، جرمنی کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو وسیع کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دوستی کے گروپس کو مزید فعال کرنا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی ایک ایسے وقت میں جرمنی کے دورے پر گئے ہیں جب رواں برس پاکستان اور جرمنی، دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی سترویں سالگرہ منارہے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ 2012 کے بعد یہ پاکستان کے وزیر خارجہ کا جرمنی کا پہلا دورہ ہے جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں جرمن سفیر نے ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی کے جرمنی کے دورے کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ان مشکل حالات میں جب کورونا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے، آپ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین گہرے تعلقات اور دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔

جرمن سفیر نے مزید لکھا کہ یہ دورہ پاک-جرمن سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے بھی ایک بہترین موقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024