• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم کیس: میشا شفیع کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

میشا شفیع اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
میشا شفیع اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

لاہور کی سیشن کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے لاہور کی ہی خصوصی عدالت کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے کے خلاف دائر درخواست منظور کرلی۔

میشا شفیع نے لاہور سینٹرل کی خصوصی عدالت کی جانب سے گلوکار علی ظفر کو سوشل میڈیا پر بدنام کرنے کے ایک کیس میں طلب کر رکھا تھا۔

میشا شفیع بیرون ملک ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکی تھیں تاہم عدالت نے انہیں دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا تھا، جس پر گلوکارہ نے عدالت طلبی کے خلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

میشا شفیع نے لاہور سینٹرل کی خصوصی عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے کے خلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کا بیان آن لائن ریکارڈ کیا جائے۔

میشا شفیع نے وکیل اسد جمال کے توسط سے رواں ہفتے عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر کے خلاف مہم چلانے کا کیس: تحقیقات میں میشا شفیع مجرم قرار

سیشن کورٹ نے گلوکارہ کی سماعت منظور کرتے ہوئے خصوصی عدالت کے میشا شفیع کو سیکیورٹی بانڈ کی صورت میں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے حکم کو بھی معطل کردیا۔

عدالت نے اپنے بیان میں کہا کہ گلوکارہ کی دائر کردہ اپیل کا مکمل فیصلہ آنے تک خصوصی عدالت کے جاری کیے گئے احکامات معطل رہیں گے۔

میشا شفیع نے سیشن کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ وہ اہل خانہ سمیت کینیڈا میں مقیم ہیں اور کورونا کی وبا کے باعث حکومت نے کچھ پابندیاں بھی نافذ کر رکھی ہیں، اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔

گلوکارہ نے درخواست میں کہا تھا کہ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کروانے کو تیار ہیں اور عدالت انہیں ورچوئل بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت دے۔

درخواست میں میشا شفیع نے یہ بھی کہا کہ ان کے خلاف علی ظفر کی جھوٹی شکایت پر مقدمہ دائر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: علی ظفر کے خلاف مہم چلانے کا کیس: میشا شفیع سمیت دیگر کیخلاف چالان منظور

عدالت نے ان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے خصوصی عدالت کے احکامات کو معطل کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ یہ کیس علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع اور دیگر 9 افراد کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں دائر کردہ درخواست کا کیس ہے، جس میں علی ظفر نے دعویٰ کیا تھا کہ میشا شفیع اور دیگر افراد سوشل میڈیا پر انہیں بدنام کر رہے ہیں۔

علی ظفر نے نومبر 2018 میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں شکایت درج کروائی تھی، جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے تفتیش مکمل کرکے میشا شفیع اور دیگر 9 افراد کے خلاف لاہور سینٹرل کی خصوصی عدالت میں 16 دسمبر 2020 کو چالان پیش کیا گیا تھا۔

بعد ازاں ایف آئی اے نے مذکورہ کیس میں حتمی چالان عدالت میں پیش کرتے ہوئے میشا شفیع، عفت عمر، علی گل پیر، ماہم جاوید، لینا غنی، حسیمس زمان، فریحہ ایوب، سید فیضان رضا اور حمنہ رضا کے خلاف قانونی کارروئی کی استدعا کی تھی۔

تب سے مذکورہ کیس کی ہونے والے متعدد سماعتوں میں میشا شفیع ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکیں اور اب انہوں نے عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر سیشن کورٹ میں درخواست دی، جسے سماعت کے لیے منظور کردیا گیا، جس کی اگلی سماعت 19 اپریل کو ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024