• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'مسز سری لنکا' کی اہلیت کے تنازع پر مسز ورلڈ گرفتار

شائع April 8, 2021
یہ واقعہ 3 اپریل کو پیش آیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
یہ واقعہ 3 اپریل کو پیش آیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

کولمبو کی پولیس نے حال ہی میں مسز سری لنکا کے سر پر پہنایا گیا تاج اتارنے اور انہیں مبینہ طور پر زخمی کرنے کے الزام میں مسز ورلڈ کیرولین جیوری کو گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ 3 اپریل کو ٹی وی پر نشر کی گئی تقریب میں پشپیکا ڈی سلوا نے 'مسز سری لنکا' کا اعزاز جیتا تھا لیکن مسز ورلڈ کیرولین جیوری نے انہیں تاج پہنایا اور پھر اتار دیا تھا۔

انہوں نے شرکا کو بتایا تھا کہ 'مقابلے کے قواعد کے مطابق طلاق یافتہ خاتون اس کا حصہ نہیں بن سکتیں لہذا وہ دوسرے نمبر پر پہنچنے والی خاتون کو تاج پہنارہی ہیں'۔

انہوں نے رنر اپ کو مسز سری لنکا کا تاج پہنایا تھا جبکہ پشپیکا ڈی سلوا کو ویڈیو میں روتے ہوئے اسٹیج سے جاتے دیکھا گیا۔

—فوٹو:رائٹرز
—فوٹو:رائٹرز

تنازع کے بعد مقابلہ حسن کے منتظمین کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ پشپیکا ڈی سلوا مطلقہ نہیں ہیں جس کے بعد انہیں اعزاز واپس کردیا گیا تھا۔

مقابلہ حسن کی تقریب میں اسٹیج پر ہونے والے جھگڑے میں پشپیکا ڈی سلوا نے سر پر چوٹیں آنے کا دعویٰ کیا تھا اور قانونی چارہ جوئی کا کہا تھا جس کے بعد کیرولین جیوری کو گرفتار کیا گیا۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

پولیس ترجمان اجیتھ روہانہ نے بی بی سی کو بتایا کہ '3 اپریل کو پیش آئے واقعے پر کیرولین جیوری اور ماڈل چولا پدمیندرا کو پشپیکا ڈی سلوا کے ساتھ جھگڑا کرنے اور انہیں زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا'۔

دوسری جانب فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ 'حملے اور نیلم پوکانا (تھیٹر) کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں کیرولین جیوری اور ان کی ایسوسی ایٹ کو گرفتار کیا گیا'۔

کولمبو میں کینامن گارڈنز پولیس اسٹیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پشپیکا ڈی سلوا نے کہا کہ اگر کیرولین جیوری عوامی سطح پر معذرت کرتی ہیں تو وہ اپنی شکایت واپسی لینے کو تیار ہیں لیکن مسز ورلڈ نے انکار کردیا تھا۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ 'میں نے عدالت سے باہر یہ معاملہ ختم کرنے کی کوشش کی لیکن کیرولین جیوری نے انکار کیا، میں معاف کر سکتی ہوں لیکن بھول نہیں سکتی'۔

تاہم اس حوالے سے ابتدائی طور پر کیرولین جیوری یا ان کے وکیل کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

پولیس ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے اس کیس پر سماعت کا امکان ہے۔

بعدازاں برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ میں کہا گیا کہ کیرولین جیوری جب پولیس اسٹیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے آئیں تو انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس افسر اجیتھ روہانہ نے کہا کہ مسز ورلڈ کیرولین جیوری کو بعدازاں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

گزشتہ روز مسز سری لنکا ورلڈ کے نیشنل ڈائریکٹر چندی مال جیا سنگھ نے بتایا تھا کہ پشپیکا ڈی سلوا کو تاج واپس کردیا گیا تھا۔

—فوٹو:رائٹرز
—فوٹو:رائٹرز

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں مایوسی ہوئی، کیرولین جیوری نے اسٹیج پر پشپیکا کے ساتھ جو سلوک کیا وہ ذلت آمیز تھا اور مسز ورلڈ آرگنائزیشن نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

علاوہ ازیں پولیس نے کیرولین جیوری اور چندی مال جیا سنگھ سے مذکورہ واقع کی پوچھ گچھ کی تھی۔

خیال رہے کہ مسز سری لنکا کا مقابلہ حسن ایشیائی ملک میں ہونے والا ایک بڑا مقابلہ ہے، جس کی تقریب میں سری لنکا کی وزیراعظم نے بھی بطورِ مہمان شرکت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024