• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 329 نئے کیسز، 98 اموات رپورٹ

شائع April 8, 2021
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 610 مریض صحتیاب ہوئے —فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 610 مریض صحتیاب ہوئے —فائل فوٹو: رائٹرز

متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 19 جون کے بعد سب سے زیادہ رہی۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 5 ہزار 329 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 98 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 7 اپریل کو مجموعی طور پر 49 ہزار 816 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.7 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 66 ہزار 994 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 7 لاکھ 5 ہزار 517 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 15 ہزار 124 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 610 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 23 ہزار 399 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں 8 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 990 افراد اس وائرس کا شکار بنے، جو یہاں رپورٹ ہونے والے کیسز کی اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 40 ہزار 584 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مزید 62 مریضوں کے انتقال سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 793 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر تھی تاہم اب اس میں معمولی اضافہ نظر آرہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 374 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار 612 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 4 مریضوں کا انتقال ہوا مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 520 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز ایک ہزار 18 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 23 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 94 ہزار 880 ہے جبکہ 2 ہزار 519 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 57 افراد کو متاثر کیا البتہ مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہزار 999 اور اموات کی تعداد 212 ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 724 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 3 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 63 ہزار 499 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 591 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 160 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 6 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 13 ہزار 873 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 386 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 70 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024