• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب: مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے 61 ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

شائع April 7, 2021
ان ایس ایچ اوز میں سے زیادہ تر کا تعلق فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ اور قصور سے ہے — فائل فوٹو / اے پی
ان ایس ایچ اوز میں سے زیادہ تر کا تعلق فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ اور قصور سے ہے — فائل فوٹو / اے پی

پنجاب میں غیر معمولی اقدام اٹھاتے ہوئے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے 61 اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) کو سروس سے معطل اور عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

ان ایس ایچ اوز میں سے زیادہ تر کا تعلق فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ اور قصور سے ہے۔

ان 61 افسران میں سے 48 کی فہرست سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) نے تیار کر کے معطلی اور عہدوں سے ہٹائے جانے کے لیے سینئر فیلڈ پولیس افسران کو بھیجی تھی۔

سی پی او نے محکمہ پولیس پنجاب کے ہیومن ریسورس منیجمنٹ سسٹم کو حاصل ہونے والے مجرمانہ ریکارڈ کی بنیاد پر ان افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔

دیگر کو فیلڈ پولیس افسران نے ان کے متعلقہ اضلاع میں مجرمانہ ریکارڈ کی بنیاد پر معطل اور عہدوں سے ہٹا دیا۔

ان ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) انعام غنی کی ہدایت پر کی گئی جنہوں نے صوبے کے ریجنرل، سٹی اور ضلعی پولیس افسران کو مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے یا سزائیں پانے والے ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹانے اور معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔

ان کے اس حکم پر چوبیس گھنٹے کے اندر ہی 99 فیصد عملدرآمد کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کرمنل ریکارڈ رکھنے والے پنجاب کے تمام ایس ایچ اوز کو معطل کرنے کا حکم

سرکاری خط کے ذریعے فیلڈ پولیس افسران کو ان ایس ایچ اوز کو عہدوں سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی تھی جن کے خلاف مجرمانہ کیسز میں چالان جمع کرایا گیا ہو، انہیں مزید ہدایت کی گئی تھی کہ ان ایس ایچ اوز کو معطل کردیا جائے جن کے خلاف مجرمانہ کیسز درج ہیں۔

یہ ہدایت بھی کی گئی تھی کہ جن ایس ایچ اوز کو دو یا تین بار محکمانہ سزائیں دی گئی ہوں ان کا 48 گھنٹوں میں تبادلہ کردیا جائے اور مستقبل میں بطور ایس ایچ او تعینات نہیں کیا جائے۔

ان ایس ایچ اوز کے لیے، جنہیں دو بار سزائیں دی گئی، خط میں لکھا گیا کہ 'اگر کسی وجہ سے ایسے افسر کو ایس ایچ او برقرار رکھا جاتا ہے تو اس کے لیے متعلقہ آر پی او سے پیشگی تحریری اجازت لینا ضروری ہے'۔

آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی تھی کہ مستقبل میں ایسے کسی افسر کو ایس ایچ او تعینات نہ کی جائے جس نے دو سال تک فعال تحقیقاتی کام نہ کیا ہو۔

معطل ہونے والے ایس ایچ اوز میں 8 فیصل آباد سے، 7 لاہور سے، 5 شیخوپورہ سے، 4 قصور سے، ننکانہ صاحب، گجرات، راولپنڈی، جہلم، خانیوال اور بہاول نگر سے 3، 3، سرگودھا، پاکپتن اور بہاولپور سے 2، 2 جبکہ سیالکوٹ، نارووال، اٹک، چکوال، خوشاب، بھکر، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ملتان، وہاڑی، لودھراں اور ساہیوال سے ایک، ایک ایس ایچ او شامل ہیں۔

دوسری جانب متعدد پولیس افسران نے اس اقدام کو چال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا اطلاق کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر جنرل پولیس تک ہونا چاہے۔

انہوں نے نئے اقدام کے خلاف 'گہرے نتائج' کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کئی ایس ایچ اوز کو سیاسی بنیادوں پر یا 'پریشر گروپ' کے اثر و رسوخ پر مجرمانہ کیسز کا سامنا ہے۔

سینیئر افسران نے کہا کہ اس طرح کی گائیڈ لائنز متعارف کروانے سے قبل مجرمانہ مقدمات کی تفصیلی محکمہ جاتی انکوائری مکمل ہونی چاہیے تھی، جس کے بعد داغدار ریکارڈ والے ایس ایچ اوز سے فہرست بننی چاہیے تھی۔

ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ 'صرف ایس ایچ اوز کو ہی کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے، ڈپٹی سپرنٹنڈٹ پولیس (ڈی ایس پیز)۔ چند سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پیز) اور چند ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) کے خلاف بھی مجرمانہ چارجز ہیں اور ان کے خلاف بھی کیسز درج ہیں۔

ایک اور افسر نے کہا کہ یہ قانون کی روح کے منافی ہے کہ صرف ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایک سینیئر پولیس افسر نے اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس پر بلاامتیاز مکمل عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔


یہ خبر 7 اپریل 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024