انسانی خون کے قطرے کے ساتھ بنے ’شیطانی جوتوں‘ پر تنازع
اسپورٹس مصنوعات بنانے والے امریکی ملٹی نیشنل برانڈ ’نائیکی‘ نے ایک اور امریکی کمپنی پر انسانی خون کے ساتھ بنائے گئے ’شیطانی جوتوں‘ کا ڈیزائن کاپی کرنے پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
’نائیکی‘ ملٹی نیشنل کمپنی ہے جو اسپورٹس کے لیے جوتے، شرٹس، ٹراؤزر، خواتین کے زیر جامہ، کیپس اور دیگر فیشن ایبل مصنوعات تیار کرتی ہے۔
’نائیکی‘ نے امریکا کی ہی ایک اور کمپنی ’ایم ایس ایچ ایف‘ پر حال ہی میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے جوتوں کا ڈیزائن چوری کرنے کے الزام میں نیویارک کی عدالت میں ہرجانہ دائر کیا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ’نائیکی‘ نے دوسری کمپنی پر جوتوں کا ڈیزائن چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس سے کمپنی کی بدنامی ہوئی۔
‘نائیکی‘ نے اپنے ہرجانے کے دعوے میں بتایا کہ جس ڈیزائن کے جوتے دوسری کمپنی نے متعارف کرائے ہیں، وہ ڈیزائن نائیکی کے جوتوں کا ہے اور انہوں نے مذکورہ ڈیزائن کسی کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔
یہ بھی پڑھیں: 'نائیکی' کو ویڈیو میں سیاہ فام و کورین نسل کے بچوں کو دکھانے پر تنقید کا سامنا
’نائیکی‘ کے مطابق دوسری امریکی کمپنی نے ان کے جوتوں کا ڈیزائن چوری کرکے جوتے بنائے اور لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ مذکورہ ڈیزائن کی اجازت نائیکی نے دی ہے اور ان کا نام بدنام ہو رہا ہے۔
’نائیکی‘ کے مطابق ان کا نام اس لیے بدنام ہو رہا ہے، کیوں کہ مذکورہ جوتوں کے تلووں میں سیاہی اور انسانی خون کے قطرے موجود ہیں۔
‘نائیکی‘ نے جس امریکی کمپنی پر مقدمہ کیا ہے، اس کمپنی نے مذکورہ جوتوں کو ’شیطانی جوتوں‘ کا نام دیا ہے اور انہیں کچھ دن قبل ہی آن لائن فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور تمام جوتے فروخت ہوگئے۔
مزید پڑھیں: نائیکی کا خواتین کھلاڑیوں کیلئے حجاب
کمپنی نے جوتوں کو امریکی ریپر لل ناس ایکس (Lil Nas X) کے ذریعے ایک اشتہار میں فروخت کے لیے پیش کیا تھا تاہم ’نائیکی‘ نے گلوکار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر نہیں کیا۔
مذکورہ جوتوں کو سیاہ و سرخ رنگ میں پیش کیا گیا اور کمپنی نے ’شیطانی جوتوں‘ کے صرف 666 جوڑے بنائے تھے اور ہر جوڑے کی قیمت تقریبا 1100 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد رکھی تھی۔
متعدد امریکی خبر رساں اداروں کے مطابق کمپنی کے تمام 666 ہی جوڑے محض ایک منٹ میں فروخت ہوگئے تھے۔
مذکورہ جوتوں کے تلووں کے نیچے سرخ سیاہی کے ساتھ ہر جوتے میں ایک انسانی خون کا قطرہ بھی شامل کیا گیا ہے اور استعمال کیے گئے خون کے قطرے جوتے کے ڈیزائن بنانے والی ٹیم کے ارکان نے عطیہ کیے تھے۔
اسی حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے ’اے بی سی نیٹ‘ نے بتایا کہ مذکورہ متنازع ’شیطانی جوتوں‘ پر نہ صرف نائیکی کے لوگو سے ملتا جلتا لوگو موجود ہے بلکہ اس پر مسیحیوں کی مقدس کتاب کی ایک آیت بھی کوڈ کی گئی ہے۔
’شیطانی جوتوں‘ پر انسانی خون کے قطرے شامل ہونے سمیت ان پر مسیحیوں کے مقدس کتاب کی آیات کا مفہوم دینے پر بھی لوگ برہم ہیں اور گلوکار سمیت جوتے بنانے والی کمپنی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔