پاک ۔ بھارت فلیگ میٹنگ میں سیز فائر پر عملدرآمد کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ
پاکستان اور بھارت کے درمیان بریگیڈ کمانڈرز کی سطح کی فلیگ میٹنگ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر پر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک - بھارت بریگیڈ کمانڈرز کی سطح کی فلیگ میٹنگ راولا کوٹ ۔ پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ بارڈر فلیگ میٹنگ کا مقصد پاک ۔ بھارت ڈی جی ایم اوز کے مابین کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے لیے اتفاق رائے کے نکات پر عملدرآمد کے لائحہ عمل کا جائزہ لینا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال 25 فروری کو پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) نے ایک دوسرے کے بنیادی معاملات اور تحفظات کو دور کرنے پر اتفاق کیا تھا، جو امن کی خرابی اور تشدد کا سبب بنتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور بھارت کا ایل او سی پر جنگ بندی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق
دونوں فریقین نے ایل او سی اور دیگر تمام سیکٹرز پر تمام معاہدوں، سمجھوتوں اور جنگ بندی پر سختی سے عمل پیرا ہونے پر اتفاق کیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی طرح کی غیر متوقع صورتحال اور غلط فہمی کو دور کرنے کے لیے موجودہ ہاٹ لائن رابطے کے طریقہ کار اور بارڈر فلیگ میٹنگز کا استعمال کیا جائے گا۔
بعد ازاں یوم پاکستان کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کے نام مبارکباد کے خط میں پاکستانی عوام سے خوشگوار تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں، مودی کا عمران خان کو خط
اپنے خط میں نریندر مودی نے پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔
انہوں نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور وائرس کو انسانیت کے لیے مشکل وقت قرار دیا۔