• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کا بلیسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ

شائع March 26, 2021
میزائل کی رینج 900 کلومیٹر ہے—تصویر: اسکرین شاٹ
میزائل کی رینج 900 کلومیٹر ہے—تصویر: اسکرین شاٹ

پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ون-اے کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کے جاری کردہ بیان کے مطابق میزائل کی رینج 900 کلومیٹر ہے۔

بیان کے مطابق اس میزائل تجربے کا مقصد جدید نیویگیشن سسٹم سمیت ہتھیاروں کے نظام کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرامیٹرز کی دوبارہ توثیق کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا بابر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

بیان میں کہا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم زکی منج، ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلان ڈویژن ڈاکٹر رضا ثمر، چیئرمین نیسکام لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ اینڈ سائنٹسٹس اور اسٹریٹجک آرگنائزیشن کے انجینیئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینیئرز کو مبارکباد دی اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے والوں لگن، عزم اور تکنیکی قابلیت کو سراہا۔

علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیفس نے بھی کامیاب میزائل تجربے پر سائنسدانوں اور انجینیئرز کو مبارکباد دی۔

قبل ازیں پاکستان نے 11 فروری کو بابر کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو 450 کلو میٹر فاصلے تک زمین اور سمندر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 3 فروری کو پاکستان نے 290 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ 'پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا جو 290 کلومیٹر تک جوہری اور روایتی جنگی سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے'۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ

یہی نہیں بلکہ گزشتہ ماہ جنوری میں پاکستان نے 'شاہین 3' بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ زمین سے زمین تک 2 ہزار 750 کلومیٹر رینج کے حامل شاہین تھری میزائل کا تجربہ ویپن سسٹم کے ٹیکنیکل پیرامیٹرز جانچنے کے لیے کیا گیا۔

اس سے قبل 7 جنوری کو پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح ون گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ ’فتح-ون‘ گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا، یہ سسٹم 140 کلومیٹر کے فاصلے تک روایتی جنگی ہتھیار (وار ہیڈ) لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024