• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

9 ماہ بعد ملک میں پہلی مرتبہ کورونا کے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

شائع March 26, 2021
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 170 مزید مریض صحتیاب بھی ہوئے—فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 170 مزید مریض صحتیاب بھی ہوئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے جبکہ ویکسینیشن کا عمل نسبتاً سست انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔

کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ویب سائٹ کے مطابق 2 جولائی 2020 کے بعد پہلی مرتبہ ملک میں گزشتہ روز 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 368 نئے کیسز سامنے آئے اور 63 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 25 مارچ کو مجموعی طور پر 42 ہزار 418 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.29 فیصد تک جا پہنچی اور فعال کیسز بھی 40 ہزار 120 تک بڑھ گئے ہیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار 3568 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی 14 ہزار 91 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 170 مزید مریض صحتیاب بھی ہوئے اور اب تک صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 91 ہزار 145 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

دریں اثنا ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج 26 مارچ کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 451 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 43 اموات ہوئیں۔

پنجاب میں اب تک مجموعی کیسز 2 لاکھ 7 ہزار 765 ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 6 ہزار 142 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں ابھی تک صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 247 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 62 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 4 مریض بھی انتقال کر گئے جبکہ اب تک 4 ہزار 486 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور کئی ماہ بعد یہاں 890 نئے کیسز سامنے آئے اور 14 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 82 ہزار 677 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 260 اموات ہوئیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کئی روز کے بعد یومیہ کیسز کی تعداد ایک مرتبہ پھر تھوڑی سی بڑھتی ہوئی دکھائی دی اور 32 کیسز سامنے آئے۔

صوبے میں مزید کسی مریض کا اس وبا کے باعث انتقال نہیں ہوا اور اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 427 کیسز جبکہ 205 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 663 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید ایک مریض انتقال کر گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک 54 ہزار 347 افراد وائرس کا شکار اور 555 ہلاک ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 79 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک مریض دم توڑ گیا۔

آزاد کشمیر میں اب تک 12 ہزار 95 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 340 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 4 ہزار 983 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024