• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ملک میں مزید 3 ہزار 669 افراد وائرس سے متاثر، 20 انتقال کر گئے

شائع March 22, 2021
ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 30 ہزار 471 تک جا پہنچی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 30 ہزار 471 تک جا پہنچی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے جس پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مزید پابندیاں عائد کرنے اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

ملک میں گزشتہ 5 روز سے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے کیسز میں 3 ہزار 669 کا اضافہ ہوا جبکہ 20 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 30 ہزار 471 تک جا پہنچی ہے جس میں سے 13 ہزار 863 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید ایک ہزار 686 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے اور یوں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 83 ہزار 538 ہوگئی۔

پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 92.6 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 70 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثنا اب ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے جاچکے ہیں اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر مزید سخت پابندیوں کا انتباہ بھی دیا جارہا ہے۔

آج 22 مارچ کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

صوبہ سندھ پاکستان کا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے تاہم حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے مقابلے میں سندھ کی صورتحال قدرے بہتر ہے، یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس نے مزید 232 افراد کو متاثر کیا جبکہ مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 290 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 479 پر برقرار ہیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی برطانوی قسم کا پھیلاؤ جاری ہے اور گزشتہ کئی روز سے یہاں انفیکشن کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک ہزار 963 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 8 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 40 اور اموات 5 ہزار 982 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 792 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی اور 7 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 80 ہزار 37 اور اموات 2 ہزار 215 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں گزشتہ روز 15 نئے کیسز سامنے آئے اور مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 342 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 203 ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 672 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 52 ہزار 86 تک پہنچ گئے اور اب تک 545 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی کورونا کیسز تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ روز مزید 95 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ 3 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 704 تک جا پہنچی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 336 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی تھی تاہم ایک روز قبل وہاں 5 نئے کیسز سامنے آئے البتہ گزشتہ روز کوئی نیا انفیکشن رپورٹ نہیں ہوا

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 972 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024