• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کے-2 جوہری بجلی گھر کو قومی گرڈ سے منسلک کردیا گیا

شائع March 19, 2021
کے-2 کراچی کے قریب زیر تعمیر یکساں صلاحیت کے حامل 2 جوہری توانائی کے بجلی گھروں میں سے ایک ہے—تصویر: پی اے ای سی ویب سائٹ
کے-2 کراچی کے قریب زیر تعمیر یکساں صلاحیت کے حامل 2 جوہری توانائی کے بجلی گھروں میں سے ایک ہے—تصویر: پی اے ای سی ویب سائٹ

اسلام آباد: پاکستان جوہری توانائی کمیشن (پی اے ای سی) نے اعلان کیا ہے کہ 11 سو میگا واٹ کے کراچی جوہری بجلی گھر یونٹ-ٹو (کے-ٹو) کو قومی گرڈ سے منسلک کردیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں پی اے ای سی نے اسے قوم کے لیے 'یوم پاکستان کا تحفہ' قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ قومی گرڈ سے منسلک کرنے سے قبل فرورى کے مہینے میں ابتدائی جانچ کے بعد اس جوہری بجلی گھر پر حفاظتى ٹیسٹنگ اور جانچ پڑتال کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جوہری بجلی گھر کی آزمائش کیلئے ایندھن کی لوڈنگ کا آغاز

اس سے قبل یکم دسمبر 2020 کو پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی سے اجازت ملنے کے بعد اس بجی گھر میں جوہری ایندھن کى لوڈنگ کا کام شروع کیا گیا تھا۔

اپنے بیان میں پی اے ای سی کا کہنا تھا کہ کے-ٹو بجی گھر 11 سو میگا واٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت والا ملک کا پہلا جوہری بجلی گھر ہے جس کے قومی گرڈ سے منسلک ہونے سے 'ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری لانے میں یقینی مدد ملے گی'۔

کے-ٹو، کراچی کے قریب زیر تعمیر یکساں صلاحیت کے حامل 2 جوہری توانائی کے بجلی گھروں میں سے ایک ہے جس کے کمرشل آپریشن کا رواں برس مئی کے اختتام تک افتتاح کردیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایک اور پاور پلانٹ کے-تھری اپنے تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے رواں برس کے اختتام تک فعال ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: نیوکلیئر پاور پلانٹ، کراچی کی آبادی کے لیے خطرہ

پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے زیر انتظام 6 جوہری بجلى گھر چل رہے ہیں جن میں سے 2 کراچى میں جبکہ دیگر 4 پلانٹ ضلع میانوالی میں چشمہ کے مقام پر واقع ہیں۔

پی اے ای سی کے زیر انتظام ان تمام بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباً 14 سو میگا واٹ تھی۔

تاہم اب کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-ٹو کے فعال ہونے سے ملک میں جوہری بجلی گھروں کی پیداواری صلاحیت دگنی ہوجائے گی جبکہ توانائی کے مرکب میں جوہری توانائی کا مجموعی حصہ بھی بہتر ہوگا۔

اس کامیابی پر چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے ممبر پاور محمد سعیدالرحمٰن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔


یہ خبر 19 مارچ 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Mar 19, 2021 10:13pm
پوری قوم کو مبارک ہو، اب کراچی میں مزید کوئلے کے منصوبے نہ لگائے جائیں اور پرانے منصوبے کراچی سے تھر منتقل کردیے جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024