• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیر اعظم عمران خان نے کورونا ویکسین لگوا لی

شائع March 18, 2021
وزیر اعظم عمران خان ویکسین لگوا رہے ہیں — اسکرین شاٹ
وزیر اعظم عمران خان ویکسین لگوا رہے ہیں — اسکرین شاٹ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوا لی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس موقع پر وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں کورونا ویکسین لگوائی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر مملکت کی جانب سے ویکسین لگانے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت عارف علوی نے کورونا ویکسین لگوا لی

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا کی ویکسین لگوانے اسلام آباد میں کووڈ ویکسینیشن مرکز ترلائی پہنچے جہاں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ ثمینہ عارف علوی کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی، پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر ویکسین لگائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 1166 پر رجسٹریشن کروائی اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی، حکومت نے ویکسینیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں، کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور فاصلہ برقرار رکھنا جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اپنانے سے معاشی نقصان کم ہوا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارتی آف پاکستان (ڈریپ) نے 5 مارچ کو چین کی تیار کردہ سائنوفارم کووڈ-19 ویکسین کے استعمال کی اجازت کے دو ماہ بعد 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو اسے لگانے کی بھی منظوری دے دی تھی۔

وفاقی وزارت صحت کے ترجمان ساجد شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ عمر کے افراد سمیت نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم (نیمز) میں رجسٹرڈ تمام طبی عملہ جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے وہ ڈریپ سے منظوری کے بعد ویکسین سینٹرز سے ویکسین لگا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کووڈ-19 ویکسین لگانے کا عمل گزشتہ ماہ چین سے ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد شروع ہوا تھا۔

ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں صف اول کے طبی عملے کو ویکسین لگائی گئی، جس کے بعد 22 فروری کو ڈاکٹروں، نرسز، فارماسسٹ اور دیگر طبی عملے کی رجسٹریشن شروع ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: ایک ہزار میں سے ایک میں کورونا وائرس ویکسین کا معمولی ردعمل سامنے آیا

پاکستان کو کوویکس پروگرام کے تحت آکسفورڈ ایسٹرازینیکا ویکیسن کی 28 لاکھ خوراکیں ملنے کے بعد ویکسین لگانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز گزشتہ ہفتے شروع ہونے والا تھا اور اس مرحلے میں بزرگ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024