• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا وائرس کے تقریباً ساڑھے 3 ہزار نئے کیسز رپورٹ

شائع March 18, 2021
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید ایک ہزار 634 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے—فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید ایک ہزار 634 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں جہاں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی آگئی ہے جس پر حکومت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وبا سے محفوظ رہنے کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کیا جائے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کیسز میں 3 ہزار 495 کا بڑا اضافہ ہوا اور مسلسل دوسرے روز 61 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 810 تک جا پہنچی ہے جس میں سے 13 ہزار 717 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید ایک ہزار 634 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے اور یوں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 77 ہزار501 ہوگئی۔

پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 93.8 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 24 ہزار 592 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثنا اب ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے گئے ہیں جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات دے دی گئی تھیں۔

آج 18 مارچ کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ، اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے یہاں وائرس نے مزید 384 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک مریض اس وبا کے باعث لقمہ اجل بنا۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 62 ہزار 207 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 469 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی برطانوی قسم کا پھیلاؤ جاری ہے اور گزشتہ کئی روز سے یہاں انفیکشن کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک ہزار 824 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 43 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 91 ہزار 18 اور اموات 5 ہزار 896 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 624 نئے کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 77 ہزار 443 اور اموات 2 ہزار 188 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں گزشتہ روز 22 نئے کیسز سامنے آئے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ 9 مارچ کے بعد کورونا کے باعث وہاں کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 269 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 202 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 538 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 49 ہزار 476 تک پہنچ گئے اور اب تک 531 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی کورونا کیسز تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ روز مزید 103 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ کسی 6 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 264 تک جا پہنچی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 328 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی تھی تاہم 2 روز قبل وہاں ایک ساتھ 4 نئے کورونا کیسز سامنے آئے البتہ گزشتہ روز کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 965 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024