• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا کے باعث ایک روز میں 61 اموات، مزید 2 ہزار 853 مریض صحتیاب

شائع March 17, 2021
پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 94 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 94 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں جہاں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے وہیں ہیلتھ ورکرز کے بعد بزرگ شہروں کو ویکسین بھی لگائی جارہی ہے اور آج چین سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ خوراکیں بھی موصول ہوگئی ہیں۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 351 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی اور مزید 61 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 12 ہزار 351 تک جا پہنچی ہے جس میں سے 13 ہزار 656 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید 2 ہزار 853 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے اور یوں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 75 ہزار867 ہوگئی۔

پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 94 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 792 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثنا اب ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے گئے ہیں جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات دے دی گئی تھیں۔

آج 17 مارچ کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 241 افراد کو متاثر کیا جبکہ 7 مریض اس وبا کے باعث لقمہ اجل بنے۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 61 ہزار 823 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 468 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی برطانوی قسم کا پھیلاؤ جاری ہے اور گزشتہ کئی روز سے یہاں انفیکشن کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک ہزار 137 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 41 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 362 اور اموات 5 ہزار 853 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 440 نئے کیسز اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 76 ہزار 819 اور اموات 2 ہزار 179 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدرے بہتر تھی لیکن گزشتہ روز وہاں 14 نئے کیسز سامنے آئے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ 9 مارچ کے بعد کورونا کے باعث وہاں کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 247 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 202 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 443 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 3 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 48 ہزار 938 تک پہنچ گئے اور اب تک 529 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 72 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 161 تک جا پہنچی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 322 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی تھی تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں ایک ساتھ 4 نئے کورونا کیسز سامنے آگئے۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 965 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024