• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پاکستان میں مزید 2 ہزار 511 افراد کورونا سے متاثر، 58 انتقال کر گئے

شائع March 16, 2021
پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 93.9 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 93.9 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے ایسے میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن بھی تیزی سے جاری ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 70 سال سے معمر رجسٹرڈ افراد کے لیے واک ان ویکسینیشن کی بھی اجازت دے دی ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 511 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی اور مزید 58 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 9 ہزار 964 تک جا پہنچی ہے جس میں سے 13 ہزار 595 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید ایک ہزار 136 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے اور یوں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 73 ہزار 14 ہوگئی۔

پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 93.9 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار 355 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثنا اب ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے دیے گئے ہیں جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات دے دی گئی تھیں۔

آج 16 مارچ کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 171 افراد کو متاثر کیا جبکہ 3 مریض اس وبا کے باعث لقمہ اجل بنے۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 61 ہزار 582 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 461 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی برطانوی قسم کا پھیلاؤ جاری ہے اور گزشتہ کئی روز سے یہاں انفیکشن کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک ہزار 566 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 43 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 88 ہزار 255 اور اموات 5 ہزار 812 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 275 نئے کیسز اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 76 ہزار 379 اور اموات 2 ہزار 169 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدرے بہتر تھی لیکن گزشتہ روز وہاں 13 نئے کیسز سامنے آئے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ 9 مارچ کے بعد کورونا کے باعث وہاں کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 233 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 202 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 414 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 48 ہزار 495 تک پہنچ گئے اور اب تک 526 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 72 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ 2 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 89 تک جا پہنچی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 322 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی تھی تاہم اس اعلان کے بعد 14 مارچ کو وہاں ایک کورونا کیس رپورٹ ہوا البتہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید کوئی انفیکشن رپورٹ نہیں ہوا۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 961 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024