• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صادق سنجرانی کے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد آج پی ڈی ایم کی تدفین ہوگئی، شبلی فراز

شائع March 12, 2021
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کے دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد آج پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تدفین ہوگئی۔

اسلام آباد میں سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کو شکست ہوئی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اگر قانون کی حکمرانی ہونی ہے تو آپ وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ یہ ملک پیچھے جانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے، پہلے وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ ملا اور آج ہمارے نامزد کردہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کو کامیابی ملی۔

مزید پڑھیں: سنجرانی چیئرمین اور مرزا آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب، گیلانی اور عبدالغفور کو شکست

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کی تدفین ہوگئی، پی ڈی ایم کی سیاست جو ذاتی مفادات کے اردگرد گھومتی تھی پاکستان کے عوام کے لیے نہیں، جو لانگ مارچ سے شروع ہوئی استعفوں کی بات ہوئی کچھ بھی نہ ہوا، دوبارہ سے انہوں نے لانگ مارچ اور استعفوں کی بات کی ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عوام کرپشن روکنے کے لیے باہر نکلتے ہیں، عوام کرپشن بچانے کے لیے باہر نہیں نکلتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سبق جو پی ڈی ایم کو آج ملا ہے اور اس کی سیاسی تدفین ہونے والی ہے، ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ ایسی تاریک قوتیں، ایسی قوتیں جو ذاتی مفادات کے گرد گھومتی تھیں، آج اللہ تعالیٰ نے انہیں بے نقاب کردیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج صبح کیمروں کا ڈراما لگایا گیا، جب ہم اعتماد کا ووٹ لے رہے تھے تب مختلف قسم کی پریس کانفرنسز سے انہوں نے ناٹک رچایا تھا تاکہ خرابی کرسکیں اسے کے بعد آج یہ ووٹ تھا اس میں بھی انہوں نے ڈراما چلایا، جس سے میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس سے زیادہ کوئی نہیں گرسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا خیال تھا کہ یہ ناٹک رچاکر الیکشن پر اثر انداز ہوسکیں گے لیکن اللہ تعالیٰ نے عمران خان جیسے نڈر، سچے اور بہادر لیڈر کو فتح دلائی ہے اور جو بدنیت تھے، جو ذاتی مفادات کے لیے سرگرداں تھے آج انہیں سبق ملا۔

شبلی فراز کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اللہ کا بہت شکریہ ادا کرتے ہیں، کل رات شبِ معراج تھی، رسالت مآب حضرت محمد ﷺ پر لاکھوں درود، لوگوں نے نوافل پڑھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ غیر جانب دار رہے گی، میں جیتوں گا، یوسف رضا گیلانی

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو، عمران خان، صادق سنجرانی کو لوگوں کی دعائیں لگی ہیں۔

فیصل جاوید نے کہا کہ یہ فتح آج حق کی فتح ہے، سچ کی فتح ہے، یہ شفافیت کی، عوام کی، عمران خان کی اور پاکستان کی فتح ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کو شکست ہے، اس مافیا کو شکست ہے جس کا مقابلہ عمران خان اکیلے کررہے ہیں، وہ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے، ڈٹے رہیں گے اور مقابلہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکست کو خوش اسلوبی سے قبول کرنا چاہیے، سینیٹ کے اندر اپوزیشن نے جو حرکتیں کیں وہ اپنی شکست قبول نہیں کررہے تھے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ آج اپوزیشن کو یہ پیغام ملا ہے کہ ان کی کرپشن کسی کام کا نہیں، پاکستان اب بدل چکا ہے اور عمران خان جلد جامع الیکشن ریفارمز لے کر آرہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024