• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

علالت کے بعد شگفتہ اعجاز کی والدہ انتقال کرگئیں

شائع March 11, 2021
والدہ کے انتقال پر اداکارہ سے شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار بھی کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
والدہ کے انتقال پر اداکارہ سے شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار بھی کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز کی والدہ کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 10 اور 11 مارچ کی درمیانی شب کو انتقال کر گئیں۔

شگفتہ اعجاز کی والدہ گزشتہ چند ماہ سے کافی علیل تھیں اور انہیں متعدد بار ہسپتال بھی منتقل کیا گیا۔

اداکارہ والدہ کی ہسپتال میں علاج کی تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتی رہتی تھیں تاہم انہوں نے کبھی کھل کر والدہ کی بیماری سے متعلق کوئی معلومات نہیں دی تھی۔

شگفتہ اعجاز کی ایک بیٹی ڈاکٹر بھی ہیں اور ان کی بیٹیوں کو بھی ہسپتال میں نانی کی خدمت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق طویل العمری کے باعث شگفتہ اعجاز کی والدہ کو متعدد طبی مسائل لا حق تھے اور گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔

شگفتہ اعجاز نے رواں برس کے آغاز میں والدہ کی ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی والدہ نے بہادری سے ایک بڑی بیماری کا مقابلہ کیا اور وہ ان کے صحت یاب ہوکر گھر آنے پر خوش ہیں۔

شگفتہ اعجاز سوشل میڈیا پر والدہ کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتی رہتی تھیں اور چند دن قبل ہی انہوں نے ماں کی خدمت کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’ماں راضی تو رب راضی‘۔

تاہم شگفتہ اعجاز نے 11 مارچ کو والدہ کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اطلاع دی کہ ان کی والدہ انتقال کر گئیں۔

اداکارہ کی والدہ کی وفات پر متعدد شوبز شخصیات اور ان کے مداحوں نے ان سے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی والدہ کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024