• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سنجے لیلا بھنسالی بھی کورونا کا شکار

شائع March 10, 2021
سنجے لیلا میں زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں، رپورٹ—فائل فوٹو: ٹوئٹر
سنجے لیلا میں زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں، رپورٹ—فائل فوٹو: ٹوئٹر

اگرچہ دیگر ممالک کی طرح بھارت میں بھی کورونا کے کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہے تاہم پھر بھی وہاں کورونا کے کئی کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

بھارت میں اب جہاں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین مہم شروع کردی گئی ہے، وہیں وبا کے باعث نافذ کی گئی کئی پابندیاں بھی ہٹا دی گئی ہیں تاہم پابندیاں ہٹائے جانے سے وہاں کورونا کی تیسری لہر پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

پابندیوں میں نرمی کیے جانے کی وجہ سے بھارت میں اگرچہ کورونا کے کیسز میں بہت ہی زیادہ اضافہ نہیں دیکھا جا رہا ہے تاہم پھر بھی ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہاں تیسری لہر پھیل سکتی ہے۔

کورونا کی تیسری لہر کے خدشات کے ساتھ ہی بھارت میں متعدد اہم شخصیات میں کورونا کی تشخیص بھی ہوئی ہے اور ان شخصیات میں فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی بھی شامل ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی اپنی آنے والی فلم ’گنگو بائی کھوٹیاواڑی‘ کی تکمیل کے آخری مراحل میں مصروف تھے کہ وہ کووڈ 19 سے متاثر ہوگئے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سنجے لیلا بھنسالی نے خود کو قرنطینہ کردیا تاہم رپورٹس ہیں کہ ان میں کورونا کی بہت زیادہ علامات نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی میں کورونا کی تشخیص کے بعد ’گنگو بائی کھوٹیاواڑی‘ کے کام کو روک دیا گیا اور فلم کی دیگر ٹیم کے ارکان نے بھی اپنے ٹیسٹ کروالیے۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سنجے لیلا بھنسالی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی ٹیسٹ کروایا تھا جو خوش قسمتی سے منفی آیا تاہم اس کے باوجود اداکارہ نے خود کو حفاظت کے لیے قرنطینہ کردیا۔

’گنگو بائی کھوٹیاواڑی‘ میں عالیہ بھٹ کے علاوہ اجے دیوگن بھی کام کر رہے ہیں، اس لیے اطلاعات ہیں کہ انہوں نے بھی حفاظت کے پیش نظر خود کو محدود کرلیا ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی سے ایک روز قبل اداکار رنبیر کپور بھی کورونا کا شکار ہوگئے تھے اور انہوں نے بھی خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کورونا سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 12 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

کورونا سے متاثر ہونے والے زیادہ تر افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ وہاں گزشتہ چند ہفتوں سے کورونا سے تحفظ کی مہم بھی جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024