• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستانی نژاد امریکی، یو ایس ایجنسی برائے اسمال بزنس کے نائب سربراہ نامزد

شائع March 5, 2021
پاکستانی نژاد امریکی دلاور سید - فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
پاکستانی نژاد امریکی دلاور سید - فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک پاکستانی نژاد امریکی دلاور سید کو اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن (ایس بی اے) کے نائب منتظم کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے لیے نامزد کیا ہے۔

ٹوئٹر پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے دلاور سید نے کہا کہ 'نامزدگی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہوں'۔

ان کے اس عہدے پر فائز ہونے کی تصدیق ابھی تک امریکی سینیٹ نے نہیں کی۔

دلاور سید نے کہا کہ 'میں اس مشکل وقت میں ہر جگہ چھوٹے کاروبار کی مدد کرنے کے لیے اپنے دل و جان لگاؤں گا'۔

مزید پڑھیں: پاکستانی نژاد علی زیدی، امریکی صدر جو بائیڈن کی ماحولیاتی ٹیم میں شامل

انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے کاروبار کی 'کشش' نے امریکا کو مضبوط بنایا ہے۔

دلاور سید نے یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے وارٹن اسکول سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی اور آسٹن کی یونیورسٹی آف ٹیکساس سے اکنامکس اور کمپیوٹر سائنس میں بی اے کیا۔

وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا کہ دلاور سید اوہائیو کے دی کالج آف ووسٹر میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے طالب علم کی حیثیت سے پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے تھے۔

دلاور اس وقت لومیاٹا کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں جو 'صحت کی دیکھ بھال کرنے والی کمپنی کے لیے مصنوعی ذہانت پر کام کرتی ہے، کمپنی کی توجہ اخراجات کو کم کرنے اور مریضوں کے طبی معاملات کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: پاکستانی نژاد امریکی خاتون، پہلی مسلمان وفاقی پراسیکیوٹر مقرر

بیان کے مطابق اس سے قبل وہ فریش ورکس میں صدر تھے جہاں انہوں نے ہزاروں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں سافٹ ویئر کمپنی کی پروڈکٹس کی اسکیلنگ کرنے کے لیے کام کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ دلاور سید کے پاس وفاقی، ریاست اور مقامی سطح پر معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمی پر توجہ مرکوز رکھنے والی شہری کوششوں کو آگے بڑھانے کا تجربہ ہے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ 'انہوں نے ایشین امریکن اور پیسیفک جزیروں (اے اے پی آئیز) پر صدر اوباما کے وائٹ ہاؤس کمیشن میں خدمات انجام دیں اور اے اے پی آئیز کی اقتصادی نمو کمیٹی کے بارے میں وائٹ ہاؤس اقدام کی سربراہی کی تھی'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'اس حیثیت سے دلاور سید نے 2009 میں امریکی بحالی اور دوبارہ سرمایہ کاری ایکٹ کی منظوری کے بعد پورے امریکا میں چھوٹے کاروبار کے ساتھ انتظامیہ کی شمولیت کی قیادت کی تھی'۔

مزید پڑھیں: جو بائیڈن نے ایک اور پاکستانی نژاد امریکی کو اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ ایس بی اے کے ساتھ یہ ان کی پہلی مشغولیت نہیں ہوگی کیونکہ اس سے قبل وہ صدر کی ایکسپورٹ کونسل جیسے وفاقی اقدامات پر ایس بی اے اور محکمہ تجارت کے ساتھ رابطے کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں۔

جو بائیڈن نے اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ میں ڈائریکٹر پالیسی پلاننگ کے فرائض انجام دینے کے لیے پاکستانی نژاد امریکی سلمان احمد کو اپنی خارجہ پالیسی کی ٹیم میں شامل کیا تھا۔

امریکی صدر نے دسمبر میں پاکستان میں پیدا ہونے والے آب و ہوا کے ماہر علی زیدی کو بھی اپنے نائب قومی موسمیاتی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے لیے منتخب کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024