گجر خان میں خاتون کے ریپ کا الزام، 7 افراد گرفتار
گجر خان: ضلع جہلم کے لِلہ پولیس تھانے کی حدود میں ایک خاتون کو ریپ کرنے کے الزام میں 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تفصیلات کے مطابق 28 فروری کو ایک خاتون نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی تھی کہ وہ ضلع سرگودھا کی تحصیل بھلوال سے لِلہ آئی تھیں۔
اپنی درخواست میں انہوں نے بتایا کہ جب وہ لِلہ انٹرچینج پر وین سے اتریں تو ایک کامران نام کا شخص انہیں مبینہ طور پر ایک مویشیوں کے باڑے میں لے گیا اور 6 دیگر افراد کے ساتھ مل کر انہیں ریپ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹیکسلا میں 9 سالہ بچی کا ریپ کے بعد قتل
بعدازاں لِلہ پولیس نے بدھ کے روز تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
جہلم کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) شاکر حسین داوڑ نے ڈان کو تصدیق کی کہ تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سےملک میں ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لیے انسداد ریپ آرڈیننس نافذ کرنے کے باوجود ریپ کیسز سامنے آنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
چند روز قبل ٹیکسلا کے حاضرو پولیس تھانے کی حدود میں نتروپا میں ایک 9 سالہ بچی کو ریپ کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: پنجاب: خاتون، دو بیٹیوں اور بہو کا 'گینگ ریپ'
بچی کے والد بہرام خان نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے پنج دھیر گاؤں آئے تھے جہاں سے ان کی بیٹی لاپتا ہوگئی تھی جس کی لاش چچ انٹرچینج کے نزدیک ایک زیر تعمیر عمارت کے اندر سے ملی۔
اس سے قبل دسمبر کے اوآخر میں فاروق آباد صدر پولیس تھانے کی حدود میں موجود کھیتوں میں 3 روز کی نوبیاہتا دلہن کا 3 افراد نے گینگ ریپ کردیا تھا۔
دوسری جانب فیصل آباد کے مرید والا پولیس تھانے کی حدود میں چک 192-جی بی میں ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کے گروہ نے ایک خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: اداکارہ کا ریپ کرنے کے الزام میں پولیس اہلکار گرفتار
علاوہ ازیں حکومت کے انسداد غربت کے احساس پروگرام کے تحصیل چوبارہ میں قائم دفتر میں کام کرنے والے ایک کلرک نے رجسٹریشن آنے والے 9ویں جماعت کی طالبہ کا ریپ کیا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
قبل ازیں دسمبر میں ہی پنجاب کے ضلع لیہ میں ایک خاتون کی جانب سے پولیس میں شکایت کی گئی تھی کہ 9 افراد نے انہیں دو بیٹیوں اور بہو سمیت قید میں رکھا اور ریپ کا نشانہ بنایا۔