• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چاند کی مفت سیر کرنا چاہتے ہیں؟ تو ایک ارب پتی شخص مدد کیلئے تیار ہے

شائع March 3, 2021
یساکو مانزاوا — رائٹرز فوٹو
یساکو مانزاوا — رائٹرز فوٹو

جاپان سے تعلق رکھنے والے ارب پتی یساکو مائزاوا دہائیوں بعد چاند پر جانے والے اولین انسانوں میں سے ایک ہوں گے۔

مگر وہ چاند پر تنہا جانے کی بجائے اپنے ساتھ 8 افراد کو بھی لے جانا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے انہوں نے لوگوں کو اس مشن کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔

اسپیس ایکس کے اسٹار شپ کا یہ مشن 2023 کو چاند پر جائے گا مگر تاریخ آگے بھی جاسکتی ہے۔

یساکو مائزاوا کو ستمبر 2018 میں اسپیس ایکس نے چاند کے پہلے نجی سیاحتی دورے کے لیے منتخب کیا تھا۔

اسپیس ایکس کی جانب سے ابتدائی طور پر 2018 میں نجی خلائی سیاحتی دورے کے پروگرام کے تحت 2 افراد کو چاند پر بھجوایا جانا تھا تاہم بعد ازاں کمپنی نے پروگرام کو چند سال تک مؤخر کرتے ہوئے اسے ملتوی کرتے ہوئے2023 تک نجی سیاحتی دوروں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

اب جاپانی ارب پتی نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے کہا 'میں ہر پس منظر کے افراد کو اپنے ساتھ لے جانا چاہتا ہوں، مشن میں 10 سے 12 افراد کے ہوں گے مگر میں 8 لوگوں کو اس سفر کے لیے مدعو کرنا چاہتا ہوں'۔

بنیادی طور پر یہ ایک مقابلہ ہوگا جس کا حصہ بننے والے لوگوں میں سے 8 کا انتخاب چاند کے اس سفر کے لیے کیا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے ایک ویب سائٹ کو بھی بنایا گیا ہے۔

یساکو مائزاوا جاپان کے سب سے بڑے آن لائن فیشن برانڈ کے بانی ہیں اور وہ 2 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔

اس سے پہلے 2018 میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے ساتھ چاند پر 6 سے 8 فنکاروں کو 6 روزہ دورے پر لے جانا چاہتے ہیں۔

تاہم اپنی نئی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو بہتر کیا گیا ہے اور شاید ہر فرد ہی تخلیقی صلاحیتوں کی بنا پر فنکار ہوتا ہے۔

چاند کے اس سفر کے لیے منتخب ہونے کی 2 شرائط ہیں، ایک تو دیگر افراد کی مدد کرنا اور معاشرے کو کسی طریقے سے بہتر بنانے کی خواہش اور دوسری ایسے ہی عزائم رکھنے والے مشن میں شامل دیگر افراد کو سپورٹ کرنے کا عزم۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جاپانی ارب پتی نے جنوری 2020 میں چاند پر اپنے ساتھ جانے کے لیے ایک خاتون ساتھی کی تلاش شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

اس مققصد کے لیے تیار کی گئی ویب سائٹ پر 27 ہزار سے زیادہ درخواستیں بھی جمع کرائی گئیں اور جاپانی اسٹریمنگ سروس نے اس مشن میں ایک رئیلٹی شو کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔

تاہم بعد میں شو کو منسوخ کردیا گیا جبکہ یساکو مائزاوا نے بھی 'ذاتی وجوہات' کے باعث خاتون ساتھی کی تلاش کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اب نئے اعلان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ منتخب افراد کو تربیت کیسے فراہم کی جائے گی مگر یہ ضرور واضح ہے کہ ان کے ٹکٹ کی قیمت جاپانی ارب پتی ہی ادا کریں گے۔

خود انہوں نے کہا 'میں پورے سفر کے اخراجات ادا کروں گا، میں تمام نشستیں خریدوں گا تو یہ ایک نجی رائئیڈ ہوگی'۔

انہوں نے بتایا کہ چاند تک کا سفر 3 دن کا ہوگا جہاں اسٹار اشپ چکر لگائے گا اور پھر 3 دن کا سفر زمین پر واپسی کا ہوگا۔

اسٹار شپ اسپیس ایکس کا ایسا راکٹ سسٹم ہے جو انسانوں کے ساتھ 100 ٹن کا سامان خلائی سفر میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024