• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن  منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کروانے کا پابند ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کروانے کا پابند ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب اور کنول شوذیب کی جانب سے ویڈیو معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں سابق وزیراعظم اور سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کردی۔

الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک وائرل ویڈیو میں ملتان سے رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی، سینیٹ انتخاب میں اپنے والد کو فائدہ پہنچانے کے لیے کچھ پارلیمینٹیرینز کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتارہے ہیں اور انہیں نمبرز دے کر بیلٹ پر لکھنے کا بھی کہہ رہے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بعدازاں ایک پریس کانفرنس کر کے انہوں نے سینیٹ الیکشن متاثر کرنے کے اس مجرمانہ فعل میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ویڈیو میں پیسوں کی کوئی بات نہیں کی، ان ایم این ایز سے کئی بار مل چکا ہوں، علی حیدر گیلانی

درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کرپٹ پریکٹس سے محفوظ بناتے ہوئے منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کروانے کا پابند ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب ہوئے اور الیکشن ایکٹ کی دفعہ 174 کے تحت سزاوار ہیں۔

ساتھ ہی یہ استدعا کی گئی کہ یوسف رضا گیلانی کو قانون و آئین کی خلاف ورزی کرنے اور بیٹے کے ساتھ مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہونے پر نااہل قرار دیا جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز رہنما پیپلز پارٹی کے بیٹے علی گیلانی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کے چند اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتارہے تھے جس کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث کا آغاز ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی کے ہوٹلوں میں اراکین اسمبلی کے 'قیام' کامعاملہ، پیپلزپارٹی کا ای سی پی سے تحقیقات کا مطالبہ

مذکورہ ویڈیو پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پوسٹ ہونے کے بعد فوراً ہی وائرل ہوگئی تھی جس کے چند گھنٹوں بعد علی گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ویڈیو کے اصل ہونے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا اور ان کا ضمیر صاف ہے۔

مذکورہ ویڈیو پر یوسف رضا گیلانی نے اپنے بیٹے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر رکن نے ووٹ مانگنا ان کا جمہوری حق ہے اور حکمراں جماعت کو اپنے اراکین کا خود خیال رکھنا چاہیے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے اس ویڈیو کو 'شرمناک' قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس کا نوٹس لینے اور یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: بیٹے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد یوسف گیلانی کو نااہل کیا جانا چاہیے، شہباز گل

بعدازاں علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی ویجیلنس کمیٹی نے نوٹس لے کر تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔

ویجیلنس کمیٹی میں قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور اسٹیٹ بینک حکام شامل ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ویڈیو کے حوالے سے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024