• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

تقریباً 80 لاکھ بزرگ شہریوں میں سے 2.25 فیصد کا ویکسینیشن کیلئے اندراج

شائع March 2, 2021
ملک میں  65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد تقریباً 80 لاکھ ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد تقریباً 80 لاکھ ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے حکومت کی کووِڈ 19 ویکسینیشن مہم رواں ہفتے سے شروع ہونے والی ہے اور تقریباً 80 لاکھ شہریوں میں سے صرف 2.25 فیصد یعنی ایک لاکھ 80 ہزار افراد نے اب تک اپنا اندراج کروایا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ صحت (این ایچ ایس) نے پاکستان میں 65 سال کی عمر کے 80 لاکھ افراد ہونے کے پیش نظر اس تعداد کو سست ردِ عمل قرار دیا۔

حکومت نے 15 فروری کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے ٹوئٹر پر اعلان کیے جانے کے فوراً بعد 15 فروری سے ویکسینیشن پروگرام کے لیے بزرگ شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز

معاون خصوصی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ '65 سال کی عمر کے تمام پاکستانی کووِڈ ویکسینیشن کے لیے آج سے رجسٹریشن کرواسکتے ہیں، اپنے موبائل فون سے 116 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیجیں یا رجسٹر ہونے کے لیے nims.nadra.gov.pk وزٹ کریں، جب ویکسین آجائے گی تو ویکسین سینٹر اور اپائنمنٹ کی تاریخ بتادی جائے گی۔

قومی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اندازے کے مطابق 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد تقریباً 80 لاکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم لوگوں پر زور دیتے ہیں کہ انہیں اپنا اندراج کروانا چاہیے تا کہ ویکسین جیسے ہی پاکستان میں بنائے گئے ویکسینیشن سینٹرز برائے بالغان میں پہنچے، انہیں فوراً ہی لگائی جاسکے'۔

عہدیدار نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ رجسٹریشن کا عمل 2 ہفتے قبل شروع ہوا تھا لیکن اب تک صرف ایک لاکھ 80 ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی جو 'بہت مثبت ریسپانس نہیں ہے'۔

مزید پڑھیں: 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے سائنو فارم ویکسین کی تجویز نہیں، ڈاکٹر فیصل

2 فروری سے ہیلتھ ورکرز کے لیے ویکسینیشن مہم کے آغاز سے سائنو فارم ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں چین سے پاکستان پہنچی جبکہ چین کی جانب سے مسلح افواج کو فراہم کردہ ویکسین کے اسٹاک میں سے پاک فوج نے بھی ویکسین ہیلتھ ورکرز کو عطیہ کی تھی۔

اس کے ساتھ حکومتِ پاکستان کوویکس سہولت کے ذریعے آسٹرازینیکا ویکسین کی ایک کروڑ 17 لاکھ خوراکیں ملیں گی جس میں سے 35-40 فیصد (60 لاکھ سے 68 لاکھ) خوراکیں سال 2021 کی پہلی سہ ماہی اور بقیہ خوراکیں دوسری سہ ماہی میں دستیاب ہوں گی۔

اس ضمن میں آسٹرازینیکا ویکسین کی 28 لاکھ خوراکیں مارچ کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024