• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

جلال آل کی عمران عباس کو ترک سوغات کھلانے کی تصویر وائرل

شائع February 26, 2021
دونوں اداکاروں کی ملاقات پر مداح خوش دکھائی دیے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں اداکاروں کی ملاقات پر مداح خوش دکھائی دیے—فوٹو: انسٹاگرام

شہرہ آفاق ترک ڈراما ’ارطغرل غازی‘ کے اداکار جلال آل اور پاکستانی اداکار عمران عباس کی ترکی میں ہونے والی ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

عمران عباس کی جانب سے ترکی کا دورہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وہاں پہلے ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور ریما خان سمیت دیگر پاکستانی شوبز شخصیات پاکستان اور ترکی کے آنے والے مشترکہ ڈرامے ’ترک لالا‘ کے حوالے سے مذاکرات کے لیے استنبول میں موجود ہیں۔

عدنان صدیقی، ہمایوں سعید اور ریما خان گزشتہ ہفتے سے استنبول میں موجود ہیں اور وہ ’ترک لالا‘ کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی ’تکدن فلمز‘ کے عہدیداروں سے ملاقاتیں اور مذاکرات کرنے میں مصروف ہیں۔

’تکدن فلمز‘ پاکستانی پروڈکشن ہاؤس ’انصاری فلمز‘ کے ساتھ مشترکہ طور پر ’ترک لالا‘ نامی ڈراما بنائے گا، جس سے متعلق پہلے ہی عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید وضاحت کر چکے ہیں۔

ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے ہمراہ ریما خان کی موجودگی سے چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ بھی ’ترک لالا‘ کا حصہ ہوں گی تاہم اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

اور اب دیگر پاکستانی اداکاروں کی ترکی میں موجودگی کے وقت عمران عباس کے استنبول جانے اور ان کی جلال آل سے ملاقات سے چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں کہ ممکنہ طور پر وہ بھی ’ترک لالا‘ کا حصہ ہوں گے تاہم اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

عمران عباس نے جلال آل سے استنبول میں ملاقات کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ملاقات پر ترک اداکار کا شکریہ ادا کیا۔

تصویر میں جلال آل پاکستانی اداکار کو ترکی کی سوغات کھلاتے دکھائی دے رہے ہیں اور عمران عباس نے ترک سوغات کھلانے پر بھی جلال آل کا شکریہ ادا کیا۔

عمران عباس کی پوسٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ’ترک لالا‘ کے حوالے سے نہیں بلکہ ذاتی طور پر استبول گئے تھے۔

عمران عباس کے ساتھ ملاقات کی تصویر جلال آل نے بھی شیئر کی اور انہوں نے ساتھ ہی دیگر پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ملاقات کی تصاویر بھی شیئر کیں اور تمام پاکستانی شوبز شخصیات کو استنبول پہنچنے پر خوش آمدید کہا۔

جلال آل نے عمران عباس سے ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’برادر ملک سے بھائی جیسا دوست آیا‘۔

جلال آل نے مذکورہ پوسٹ میں عدنان صدیقی، ہمایوں سعید اور ریما خان سے ملاقاتوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

ترک اداکار کی پاکستانی شوبز شخصیات سے ملاقاتوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں اور مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024