• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل 2021: کراچی کے آئندہ میچز میں 50 فیصد اسٹیڈیم بھرنے کی تیاری

شائع February 25, 2021
ٹکٹ کی خریداری آن لائن کی جاسکے گی — فائل فوٹو
ٹکٹ کی خریداری آن لائن کی جاسکے گی — فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کراچی لیگ کے آئندہ میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کی اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے کمر کس لی۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں شامل کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے 50 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا شکریہ ادا کیا، ایونٹ میں شامل لاہور لیگ کے میچز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے ٹکٹ کی آن لائن فروخت آج بروز جمعرات رات 10 بجے سے شروع ہوجائے گی۔

ٹکٹ کی خریداری آن لائن کی جاسکے گی جس کے لیے خریدار کو اپنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر لازمی دینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں کمی: تجارتی سرگرمیوں پر اوقات کار کی حد ختم، 'انڈور' شادیوں کی اجازت

جب مذکورہ شخص کی ٹکٹ کنفرم کردی جائے گی تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا، جس پر آن لائن طریقوں کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔

رقم جمع کروانے پر مذکورہ شخص کو ایک ای ٹکٹ کوڈ بھجوایا جائے گا، جس کا پرنٹ یا ایس ایم ایس دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ مداح، پاکستان سپر لیگ کا اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی کے بغیر یہ ایونٹ نامکمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں پی سی بی، این سی او سی کا مشکور ہے جس نے تمام راؤنڈ میچز کے لیے 50 فیصد تک اور پلے آف اور فائنل کے لیے 100 فیصد تک تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021: کنگز کی ریکارڈ شراکت مگر یونائیٹڈ کی شاندار فتح

یاد رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں کمی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گزشتہ روز پی ایس ایل کے پول میچز کے لیے شائقین کی تعداد کو 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کردیا گیا، جبکہ پلے آف مرحلے میں سخت اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کے ساتھ شائقین کی مکمل حاضری کی اجازت دی گئی تھی۔

این سی او سی کی نئی ہدایات کے مطابق تجارتی سرگرمیوں پر اوقات کار کی حد اور کام کی جگہوں پر 50 فیصد حاضری کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے اور اس پر فوری طور پر اطلاق ہوگا۔

تاہم بیان میں کہا گیا کہ انفیکشن کی شرح دوبارہ بڑھنے کی صورت میں ان فیصلوں پر جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024