• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا کیسز میں کمی: تجارتی سرگرمیوں پر اوقات کار کی حد ختم، 'انڈور' شادیوں کی اجازت

شائع February 25, 2021
ملک میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: ملک میں کووڈ 19 کیسز میں کمی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تجارتی سرگرمیوں اور سرکاری کام پر عائد متعدد پابندیوں میں نرمی کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں بتایا گیا کہ این سی او سی نے موجودہ نان فارماسیوٹیکل انٹروینشنز (این پی آئیز) کا وسیع جائزہ لیا۔

نئی ہدایات کے مطابق تجارتی سرگرمیوں پر اوقات کار کی حد اور کام کی جگہوں پر 50 فیصد حاضری کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے اور اس پر فوری طور پر اطلاق ہوگا۔

مزید پڑھیں: این سی او سی نے معیشت کے مزید شعبے کھولنے کیلئے صوبوں سے رائے طلب کرلی

اس کے علاوہ 15 مارچ سے انڈور (بند مقامات پر) شادیوں کی تقریبات اور سنیماز اور مزارات کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم انڈور ڈائننگ (کھانے) کی اجازت دینے کا فیصلہ 10 مارچ کو جائزہ اجلاس کے نتیجے پر منحصر ہوگا۔

مزید یہ کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی مئی کے آخر یا جون کے اوائل تک بلدیاتی اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کرانے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پول میچز کے لیے شائقین کی تعداد کو 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کردیا گیا جبکہ پلے آف مرحلے میں سخت اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کے ساتھ شائقین کی مکمل حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔

تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ انفیکشن کی شرح دوبارہ بڑھنے کی صورت میں ان فیصلوں پر جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

علاوہ ازیں صوبے علاقے یا شعبے میں بیماری کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے جہاں ضروری ہو وہاں ٹارگڈڈ این پی آئیز نافذ کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں مسلسل 6 ہفتوں سے کیسز کمی کی طرف جارہے ہیں۔

دنیا بھر میں 24 لاکھ نئے متاثرین رپورٹ ہوئے جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 11 فیصد کم تھے۔

مزید برآں این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 50 اموات رپورٹ ہوئی تھیں جس میں سے 44 کا انتقال ہسپتالوں میں ہوا، اس کے علاوہ ملک بھر میں 241 وینٹیلیٹرز زیر استعمال ہیں جس میں لاہور میں 37 فیصد، اسلام آباد میں 33، ملتان میں 27 اور پشاور میں 21 فیصد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی 'دوسری لہر': ملک میں شاپنگ مالز، مارکیٹس 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

آکسیجن والے بستروں کے اعداد و شمار کی بات کریں تو وہ گجرات میں 61 فیصد، پشاور میں 35، لاہور میں 25 اور میرپور میں 23 فیصد زیر استعمال ہیں۔

اسی طرح اگر 24 فروری تک کے اعداد و شمار کی بات کریں تو 23 ہزار 665 فعال کیسز تھے جو دسمبر میں 50 ہزار سے زائد سے کم ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 5 لاکھ 74 ہزار 580 مریضوں کی تشخیص ہوئی جس میں سے 5 لاکھ 38 ہزار 207 صحتیاب ہوگئے جبکہ 12 ہزار 708 اپنی زندگیاں کھو بیٹھے، اس کے علاوہ 2 ہزار 84 مریض ملک بھر میں زیر علاج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024