• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صدف و شہروز سبزواری پہلی بار کب ملے، کب دونوں میں پیار ہوا؟

شائع February 24, 2021
شادی کے بعد دونوں پہلی بار کسی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے—اسکرین شاٹ
شادی کے بعد دونوں پہلی بار کسی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے—اسکرین شاٹ

اداکار شہروز سبزواری اور ماڈل صدف کنول نے شادی کے تقریبا ایک سال بعد پہلی بار کھل کر اعتراف کیا ہے کہ دونوں کب پہلی بار ملے اور دونوں میں کب رومانوی تعلقات پروان چڑھے۔

صدف کنول اور شہروز سبزواری نجی ٹی وی ’آج انٹرٹینمنٹ‘ کے شو ’دی کپل شو‘ میں شریک ہوئے، شو کی میزبانی اداکار آغا علی اور ان کی اہلیہ حنا الطاف نے سر انجام دی اور دونوں کا شادی کے بعد پہلا شو تھا۔

’دی کپل شو‘ میں صدف کنول اور شہروز سبزواری نے جہاں ایک دوسرے سے تعلقات استوار ہونے سے متعلق کھل کر بات کی، وہیں دونوں نے شادی کے بعد ہونے والے مسائل اور تبدیلیوں پر بھی بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: آغا علی اور حنا الطاف شادی کے بعد پہلی مرتبہ شو کی میزبانی کریں گے

ساتھ ہی دونوں نے شوبز انڈسٹری اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ دونوں کا ایک ہی انڈسٹری سے تعلق ہونے کی وجہ سے دونوں ایک دوسرے کو مشورے دیتے ہیں اور ایک دوسرے کے کام پر تنقیدی نظر بھی ڈالتے ہیں۔

آغا علی اور حنا الطاف شادی کے بعد پہلی بار پروگرام کر رہے ہیں—اسکرین شاٹ
آغا علی اور حنا الطاف شادی کے بعد پہلی بار پروگرام کر رہے ہیں—اسکرین شاٹ

شو میں دونوں نے مختلف سیگمنٹس میں بھی حصہ لیا اور دونوں نے انکشاف کیا کہ زیادہ جھگڑا صدف کنول کرتی ہیں جب کہ جھگڑے ہوجانے کے بعد سب سے پہلے شہروز سبزواری معافی مانگتے ہیں۔

دونوں نے بتایا کہ شادی کے بعد دونوں کو مزید ایک دوسرے کی خوبیوں کا علم ہوا اور صدف کنول کے مطابق انہیں شادی کے بعد احساس ہوا کہ شہروز سبزواری ان کی سوچ سے زیادہ میچوئر (سمجھدار) ہیں۔

پہلی بار کب ملے اور دونوں میں پیار کیسے ہوا؟ کے سوال پر شہروز سبزواری نے بتایا کہ پہلی بار دونوں نے جب ایک ایوارڈز شو میں ایک ساتھ پرفارمنس کی تھی، تب دونوں کے درمیان پہلی قریبی ملاقات ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: افواہیں حقیقت میں تبدیل، شہروز سبزواری اور صدف کنول ایک ہوگئے

شہروز سبزواری کے مطابق ایوارڈ شو میں پرفارمنس کے دوران قریب آنے کے بعد دونوں میں دوستی ہوئی مگر اس وقت ان کو کوئی دوسرا خیال نہیں تھا۔

شہروز سبزواری نے دعویٰ کیا کہ ان دونوں کی دوستی کو لوگوں نے دوسرا رنگ دیا تو دونوں کو خیال آیا کہ وہ لوگوں کی جانب سے دیے گئے مشورے پر عمل کر سکتے ہیں۔

شہروز سبزواری نے اعتراف کیا کہ ایوارڈ تقریب میں ایک ساتھ پرفارمنس کرنے کے بعد ان میں تعلقات استوار ہوئے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شہروز سبزواری نے اعتراف کیا کہ ایوارڈ تقریب میں ایک ساتھ پرفارمنس کرنے کے بعد ان میں تعلقات استوار ہوئے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اس دوران شہروز سبزواری نے ہنستے ہوئے سب لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے انہیں مشورہ دیا۔

شہروز سبزواری نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ انہیں صدف کنول کی سب سے اچھی بات ان کی سچائی لگتی ہے، کیوں کہ وہ جس فیلڈ سے تعلق رکھتے ہیں، اس فیلڈ میں خواتین کی سچائی زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

اداکار نے اعتراف کیا کہ شوبز کے مرد چاہے کتنے بھی روشن خیال کیوں نہ ہوں مگر چوں کہ ہم لوگوں کا تعلق پاکستان سے ہی ہے تو سماج کا کچھ نہ کچھ اثر ہم پر ہوتا ہے، اس لیے بطور مرد انہیں صدف کنول کی سچائی کی بات اچھی لگی۔

مزید پڑھیں: شادی کے بعد صدف کنول کا آئٹم گانے نہ کرنے کا اعلان

شہروز سبزواری کی کیا خصوصیت کی وجہ سے انہوں نے ان سے محبت کی؟ کے سوال پر صدف کنول نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ انہیں شہروز کی کیا بات اچھی لگی۔

صدف کنول نے اعتراف کیا کہ شہروز سبزواری کو دیکھتے ہی انہوں نے سوچا کہ یہی وہ مرد ہیں، جن سےانہوں نے شادی کرنی ہے اور وہ یہی ہیں جو ان کے بچوں کے باپ بنیں گے۔

صدف کنول نے مزید وضاحت کی کہ بچوں سے ان کا مطلب ہے کہ مستقبل میں جو بچے ہوں گے، ان کے والد شہروز ہی ہوں گے۔

بچوں کے ذکر پر میزبان آغا علی نے جب صدف کنول سے پوچھا کہ کہاں ہیں وہ بچے؟ تو صدف کنول نے بتایا کہ وہ جلد آئیں گے۔

طویل پروگرام کے دوران دونوں اسٹیج پر گیت پر پرفارمنس بھی کی اور گیم بھی کھیلے۔

مزید پڑھیں: سائرہ اور شہروز سبزواری کے درمیان طلاق ہوگئی

خیال رہے کہ شہروز سبزواری اور صدف کنول نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل شہروز سبزواری نے پہلی بیوی اداکارہ سائرہ یوسف کو مارچ 2020 میں طلاق دی تھی۔

صدف کنول اور شہروز سبزواری کے درمیان تعلقات کی خبریں آنے کے بعد ہی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کو 7 سالہ بیٹی نورے بھی ہے۔

شہروز سبزواری کی پہلی شادی اداکارہ سائرہ یوسف سے 2012 میں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان مارچ 2020 میں طلاق ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شہروز سبزواری کی پہلی شادی اداکارہ سائرہ یوسف سے 2012 میں ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان مارچ 2020 میں طلاق ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024