• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شمالی وزیرستان: 4 خواتین کے قتل میں ملوث دہشت گرد حسن عرف سجنا ہلاک

شائع February 23, 2021
حسن عرف سجنا کا تعلق کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے حافظ گل بہادر گروپ سے تھا — فائل فوٹو
حسن عرف سجنا کا تعلق کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے حافظ گل بہادر گروپ سے تھا — فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں این جی او سے منسلک 4 خواتین کے قتل میں ملوث دہشت گرد حسن عرف سجنا ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے حافظ گل بہادر گروپ کا دہشت گرد کمانڈر حسن عرف سجنا ہلاک ہوگیا۔

بیان میں کہا گیا کہ حسن عرف سجنا گزشتہ روز میر علی میں 4 خواتین کے قتل میں ملوث تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میر علی پولیس تھانے کی حدود میں دہشت گردوں نے 4 خواتین کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا جسے پولیس نے ٹارگٹ کلنگ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: 'این جی او کیلئے کام کرنے والی' 4 خواتین کی ٹارگٹ کلنگ

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) کے جاری کردہ بیان کے مطابق چاروں خواتین مبینہ طور پر ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) سے منسلک تھیں اور دستکاری کی تربیت دیتی تھیں۔

ایک خاتون مریم بی بی گاؤں کے ایک گھر میں داخل ہوجانے کی وجہ سے خوش قسمتی سے فائرنگ سے بچنے میں کامیاب رہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حسن عرف سجنا سیکیورٹی فورسز اور پرامن شہریوں کے خلاف ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردوں کی بھرتی کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا، جبکہ علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

خیال رہے کہ وزیرستان خاص طور پر اس کے شمالی حصے میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، جس میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے تاہم اس دوران کئی جوانوں نے مملکت خداداد کی خاطر جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

16 فروری کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

12 فروری کو جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 3 فروری کو میر علی کے علاقے میں ہی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024