جیمز فرانکو پر الزام لگانے والی خواتین نے اداکار سے معاہدہ کرلیا
ایوارڈ یافتہ اداکار 42 سالہ جیمز فرانکو پر جنسی استحصال اور ’پورن ویڈیوز‘ شوٹ کروانے کا الزام عائد کرکے ان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کرنے والی خواتین نے ان سے پیسوں کے عوض معاہدہ کرلیا۔
جیمز فرانکو پر ابتدائی طور پر جنوری 2018 میں بیک وقت 5 خواتین نے جنسی استحصال اور ان سے ’پورن‘ ویڈیوز شوٹ کروانے جیسے الزامات عائد کیے تھے۔
بعد ازاں ان پر الزام لگانے والی خواتین میں شامل اداکاراؤں سارہ ٹیتھر پکلان اور ٹونی گال نے اکتوبر 2019 میں جیمز فرانکو کے خلاف لاس اینجلس کی سپریم کورٹ میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
دونوں اداکاراؤں نے اپنے مقدمے میں دعویٰ کیا تھا کہ جیمز فرانکو نے 2014 سے 2017 تک بولڈ ماڈلنگ اور برہنہ اداکاری کی تربیت کے لیے کھولے گئے اسکول میں دوران تعلیم ان کا استحصال کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جیمز فرانکو پر بھی خواتین کا ہراساں کرنے کا الزام
دونوں اداکاراؤں کے مطابق جیمز فرانکو کے اسکول میں ’ماسٹر آف سیکس سین‘ اور ’نیوڈٹی ماڈلنگ‘ جیسے کورس کروائے جاتے تھے اور ان کورسز کے دوران ہی تعلیم حاصل کرنے والی خوبرو لڑکیوں سے نامناسب اور برہنہ مناظر شوٹ کرواکے ان مناظر کا غلط استعمال کیا جاتا تھا۔
اگرچہ دونوں اداکاراؤں نے جیمز فرانکو پر جنسی استحصال اور پورن ویڈیوز بنانے کا الزام عائد کیا تھا تاہم دونوں نے واضح طور پر ان کے ریپ کے الزامات نہیں لگائے تھے۔
جیمز فرانکو نے دونوں اداکاراؤں کے الزامات کو مسترد کردیا تھا تاہم اب انہوں نے مذکورہ اداکاراؤں سے معاہدہ کرلیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق لاس اینجلس کی سپریم کورٹ میں جیمز فرانکو اور سارہ ٹیتھر پکلان اور ٹونی گال نے گزشتہ ہفتے کاغذات جمع کروائے تھے کہ ان کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں طرف سے گزشتہ ہفتے 11 فروری کو عدالت میں قانونی دستاویزات جمع کروائے گئے کہ جیمز فرانکو اور سارہ ٹیتھر پکلان اور ٹونی گال کے درمیان پیسوں کے عوض معاہدہ طے پاگیا۔
عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں جیمز فرانکو کے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کو خارج کرنے اور معاہدے کو منظور کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اگرچہ دونوں طرف سے معاہدے کی تصدیق کے قانونی دستاویزات عدالت میں جمع کرائے گئے تاہم عدالت کو یہ نہیں بتایا گیا کہ اداکار و اداکاراؤں کے درمیان کتنی رقم کے عوض معاہدہ طے پایا ہے۔
سارہ ٹیتھر پکلان اور ٹونی گال نے عدالت میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے ان سے رقم کا مطالبہ کیا تھا تاہم اس وقت بھی یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ اداکارائیں جیمز فرانکو سے کتنی رقم چاہتی ہیں۔
مزید پڑھیں: جیمز فرانکو پر پورن اسکول چلانے کےتحت مقدمہ دائر
تاہم اب دونوں فریقین کے درمیان معاہدے ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، لیکن دونوں فریقین نے فوری طور پر معاہدے سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
جیمز فرانکو نے 1997 میں اداکاری کا آغاز کیا لیکن انہیں شہرت 2000 کے بعد ملی اور انہیں 2009 میں ایک فیشن میگزین نے دنیا کے پرکشش ترین مرد حضرات کی فہرست میں نمایاں نمبر پر رکھا۔
دنیا کے پرکشش مرد حضرات کی فہرست میں نام آنے کے بعد کئی خواتین ان کی فین ہوگئیں اور ان کے بہت سارے افیئرز کی خبریں بھی سامنے آئیں۔
جیمز فرانکو کو اپنے جنسی رجحانات کی وجہ سے بھی تنقید کا سامنا رہا ہے، وہ دبے الفاظ میں ہم جنس پرستی کا اعتراف کرنے سمیت مخالف جنس میں دلچسپی رکھنے کا بھی اعتراف کر چکے ہیں۔